پاک، بھارت میچ کے جنون میں دولہا نے بارات کو حیرت میں ڈال دیا

چیمپئنز ٹرافی کے دوران ایک دلچسپ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب ایک دولہا نے اپنی شادی کے دن پاک، بھارت میچ دیکھنے کے لیے ایک انوکھا اقدام کیا جس سے باراتی پہلے تو حیران ہوئے اور پھر خوشی سے جھوم اٹھے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ ہمیشہ شائقین کے جوش و خروش کو عروج پر پہنچا دیتا ہے اور روایتی حریفوں کے اس مقابلے کو دیکھنے کے لیے لوگ اپنی مصروفیات حتیٰ کہ اہم کاموں کو بھی پس پشت ڈال دیتے ہیں۔

اسی جذبے کے تحت ایک دولہا نے اپنی شادی کے دن پاک، بھارت میچ سے محروم نہ ہونے کے لیے ایک حیران کن قدم اٹھایا۔

یہ واقعہ بھارت کے شہر عادل آباد میں پیش آیا جہاں 23 فروری کو ایک نوجوان کی شادی طے تھی اور اتفاق سے اسی دن پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑا میچ بھی شیڈول تھا۔

دولہا اور اس کے دوست کرکٹ کے شوقین تھے اور اس شوق کو پورا کرنے کے لیے دولہا نے شادی کے ہال میں اسٹیج کے پاس ایک بڑی اسکرین لگوائی تاکہ نہ صرف وہ خود بلکہ تمام باراتی بھی شادی کی خوشیوں کے ساتھ میچ کا مزہ لے سکیں۔

دولہا کے اس فیصلے نے مہمانوں کو حیرت میں ڈال دیا لیکن جلد ہی سب نے اس منفرد انتظام سے لطف اٹھایا۔

شادی میں شریک لوگوں کا کہنا تھا کہ یہ ایک ناقابل فراموش تجربہ تھا جہاں ایک طرف شادی کی رونقیں تھیں تو دوسری طرف کرکٹ کے میدان کی سنسنی اپنے عروج پر تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں