اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اللہ کے فضل سے جس طرح پاکستان سے ٹریکوما کا خاتمہ ہوا امید ہے کہ اب یہ بیماری دوبارہ پاکستان نہیں آئے گی۔
اسلام آباد میں ٹریکوما کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آج ہمارے لیے ایک بڑا دن ہے کہ ہم ٹریکوما کے خاتمے کا اعلان کررہے ہیں، جس طرح ٹریکوما کا خاتمہ ہوا اُسی طرح پولیو، ایڈز، ہیپاٹائٹس سمیت دیگر بیماریوں کے خاتمے کیلیے بھی کام کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت بیماریوں کے خاتمے کے حوالے سے صوبائی حکومتوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی اور انشاء اللہ ہم تمام بیماریوں کا خاتمہ کریں گے، ٹریکوما کے خاتمے کے بعد اب ملک بھر میں اس کے لیے احتیاطی تدابیر استعمال کی جائیں گی۔