پاکستان نے آئی ایم ایف شرائط پوری کرنے کیلئے ترجیحی اسکورکارڈ شائع کردیا

اسلام آباد: پاکستان نے 7 ارب ڈالر کے آئی ایم ایف پروگرام کی شرائط پوری کرنے کیلئے منصوبوں کے انتخاب کے معیارات اور ترجیحی اسکور کارڈ شائع کر دیا ہے۔
اسکور کارڈ کے تحت پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام (PSDP) میں صرف 10 فیصد نئے ترقیاتی منصوبوں کو شامل کرنے کی اجازت ہوگی، اگر اس دستاویز پر مکمل عملدرآمد کیا گیا تو یہ ہر سال سیاسی دباؤ کے تحت نئے منصوبوں کی شمولیت کو محدود کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔
حکومت نے پی ایس ڈی پی کے تحت صوبائی نوعیت کے منصوبوں کی مالی معاونت پر پابندی لگا دی ہے، تاہم متوازن علاقائی منصوبوں کو مخصوص کیٹیگریز میں شامل کرنے میں کامیاب رہی ہے، جس کے تحت وفاقی حکومت اب بھی صوبائی منصوبوں کی مالی معاونت جاری رکھے گی تاکہ تمام صوبوں کے درمیان مساوات کو یقینی بنایا جا سکے۔
البتہ، یہ دیکھنا باقی ہے کہ 18ویں آئینی ترمیم کے بعد آئی ایم ایف کس طرح صوبائی نوعیت کے منصوبوں کو پی ایس ڈی پی میں شامل کرنے پر مزید قدغن عائد کرتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں