کراچی:پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کیلئے کراچی کی ترقی ضروری ہے، آصف زرداری جب پہلی بار صدر بنے تو کراچی شہر کو وسائل فراہم کیے۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری شاہراہ بھٹو (شہید ذوالفقار علی بھٹو ایکسپریس وے) قیوم آباد تا شاہ فیصل کالونی 9.1 کلومیٹر تک کے پہلے فیز کا افتتاح کیا، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو نے کراچی کے انفراسٹرکچر بنانے اور روزگار دلوانے میں انقلابی کام کیے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ شہید بی بی نے 2 آمرانہ حکومتوں سے جدوجہد کی، شہید بی بی نے اپنے ادوار میں کراچی پر توجہ دی، شہید بی بی نے ہمیشہ کراچی میں امن قائم کرنے کی کوشش کی، میرا خاندان 3 نسلوں سے کراچی کی ترقی میں کردار ادا کر رہا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ شارع فیصل سے پاکستان سٹیلز تک بھٹو نے ترقی اور انڈسٹریلائزیشن میں حصہ ڈالا، کراچی کےعوام کا ایک بڑا مسئلہ یہاں کی ٹریفک ہے، تاجر برادری کا جتنا خیال آصف زرداری نے رکھا سب کے سامنے ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ منصوبہ اس شہر کو باقی صوبوں اور پورے ملک سے جوڑے گا، کاروباری طبقے کیلئے منافع نہیں ہوگا تو وہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کیوں کام کرینگے، ذوالفقارعلی بھٹو ایکسپریس وے کا ٹول ٹیکس 100 روپے سے زیادہ نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کا اصول مجبوری میں اختیار کر رہے ہیں، وفاق کی جانب مختلف بہانے بنا کر سندھ کو وسائل نہیں دیئے جاتے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ جب حق نہیں ملتا تو بہت مشکل ہو جاتی ہے، مسائل کم کرنے کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ متعارف کرائی، پیپلزپارٹی انتہا پسندی کی سیاست نہیں کرنا چاہتی۔