پشاور میں ملاقات کے باوجود پی ٹی آئی کا اسٹیبلشمنٹ سے بیک ڈور رابطہ نہ ہو سکا

اسلام آباد: پشاور میں ملاقات کے باوجود تحریک انصاف کا اسٹیبلشمنٹ سے بیک ڈور رابطہ نہ ہو سکا، عسکری قیادت کیساتھ غیر رسمی ملاقات بیرسٹر گوہر اور علی امین گنڈا پور کی درخواست پر ہوئی۔
ذرائع اسٹیبلشمنٹ کے مطابق اس ملاقات کے بعد عسکری قیادت کا پی ٹی آئی سے کوئی رابطہ نہیں ہوا، ملاقات میں بھی بتا دیا گیا تھا کہ تحریک انصاف کو سیاسی قیادت کیساتھ ہی بیٹھنا ہوگا۔
دوسری جانب پشاور ملاقات کے بعد بانی پی ٹی آئی کی پارلیمنٹ کے مذاکراتی عمل سے دلچسپی ختم ہونے لگی، پی ٹی آئی نے فرنٹ ڈور مذاکرات سے نکلنے کی تیاری شروع کر دی۔
حکومت واضح پیغام دے چکی تھی کہ جوڈیشل کمیشن کے قیام پر حتمی فیصلہ 28 جنوری تک ہوگا، بانی پی ٹی آئی نے 5 روز انتظار کے بجائے 23 جنوری کو ہی مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کرا دیا۔
190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا کے بعد پی ٹی آئی نے سوشل میڈیا پر رویے میں نرمی دکھائی، تحریک انصاف کو اندازہ ہو رہا تھا کہ شہباز حکومت تسلیم کر کے باری کا انتظار کرنا مہنگا پڑے گا۔
ذرائع اسٹیبلشمنٹ کے مطابق سیاسی قیادت کے ساتھ مذاکرات کی مستقبل میں سیاسی قیمت بھی ادا کرنا ہوگی، 9 مئی کے حوالے سے جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ بھی قابل عمل نہیں، 9 مئی کے مجرمان اقبال جرم کر چکے ہیں، 85 سے زائد کو سزائیں ہو چکی ہیں۔
علاوہ ازیں پی ٹی آئی کی جانب سے جوڈیشل کمیشن کے قیام کا مطالبہ سامنے رکھ کر ڈیڈ لائن سے قبل ہی مذاکراتی عمل کے خاتمے کا اعلان کر دیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں