پنجاب : تعلیمی بورڈز نے انٹر میڈیٹ کے امتحانی نتائج جاری کردیئے

لاہور: لاہور سمیت پنجاب بھر کے تعلیمی بورڈز نے انٹرمیڈیٹ کے دوسرے سالانہ امتحانی نتائج جاری کردیئے۔لاہور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے زیر اہتمام منعقد ہونیوالے دوسرے سالانہ امتحانات میں 49 ہزار 465 امیدواروں نے شرکت کی۔
امتحانات میں 31 ہزار 329 امیدوار فیل ہوئے جبکہ صرف 18 ہزار 136 امیدوار پاس ہوسکے، امتحان میں کامیابی کا تناسب 36 فیصد سے زائد رہا۔

گوجرانوالہ تعلیمی بورڈ:
گوجرانوالہ تعلیمی بورڈ کے سکینڈ اینول امتحانات 2024 میں 34 ہزار 895 امیدواروں نے شرکت کی۔کنٹرولر امتحانات گوجرانوالہ بورڈ کے مطابق امتحان میں 21 ہزار 911 امیدوار دوبارہ فیل جبکہ 12 ہزار 985 امیدوار کامیاب قرار پائے، امتحانات میں کامیابی کا تناسب 37.21 فیصد رہا۔
ملتان تعلیمی بورڈ:
ادھر ملتان تعلیمی بورڈ نے انٹر کے دوسرے سالانہ امتحان 2024کا اعلان کردیا۔ملتان تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام منعقدہ انٹرمیڈیٹ کے دوسرے سالانہ امتحانات میں 16ہزار 774امیدوار شریک ہوئے جن میں سے صرف 6 ہزار 630 پاس ہوئے ، امتحان میں پاس ہونے والوں کا تناسب 39.53 فیصد رہا۔
بورڈ انتظامیہ کے مطابق امتحان کے لئے 28 سنٹرز بنائے گئے تھے، نقل لگانے والے 5 امیدواروں کو سزائیں سنائی گئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں