لاہور: وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت بدعنوانی کے ناسور کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کے لئے پر عزم ہے۔اینٹی کرپشن ڈے پر ایک پیغام میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ کرپشن صرف اخلاقی زوال نہیں بلکہ قوم کی ترقی کی قاتل ہے، کرپشن نہ صرف قومی وسائل کو نقصان پہنچاتی ہے بلکہ عوام کے اعتماد کو بھی متزلزل کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ روز اول سے بدعنوانی کے خاتمے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی ہے، ہر قسم کی بدعنوانی کے خلاف سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں، کسی بھی سطح پر بدعنوانی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ گورننس کے نظام میں شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنانے کے لیے کے پی آئیز متعارف کروائے ہیں، کے پی آئیز سسٹم نے حکومتی افسران کو مزید مستعد اور متحرک بنایا جس سے عوامی خدمات میں بہتری آئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ ہماری منزل بدعنوانی سے پاک، ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان ہے، معاشرے کو کرپشن کی لعنت سے پاک کرنے میں ہر فرد اپنا کردار ادا کرے، شفافیت، دیانتداری اور میرٹ کا فروغ اجتماعی ذمہ داری ہے۔