لاہور:پنجاب کابینہ نے پارا چنار کے لوگوں کی درخواست پر ادویات اور دیگر سامان بھیجنے سمیت دیگر منصوبوں کی منظوری دے دی۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 21واں اجلاس ہوا۔ وزیراعلی نے پارا چنار کے عوام کے لیے امدادی سامان فوری طور پر بھجوانے کی ہدایت کر دی
مریم نواز نے کہا کہ پارا چنار کے عوام کی ضرورت کے مطابق موبائل ہیلتھ یونٹ بھی بھیجا جائے گا۔ پارا چنار کے عوام ہمارے اپنے ہیں، مصیبت اور مشکل میں تنہا نہیں چھوڑ سکتے۔
صوبائی کابینہ نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو چین کے کامیاب دورے پر مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ چین میں وفد کو ملنے والی غیر معمولی پذیرائی پنجاب کے عوام کے لیے باعث فخر ہے، چین نے 1.6ارب انسانوں کو اپنی طاقت بنا کر ترقی کی اور چین کی ترقی قابل تقلید مثال ہے، ہم بھی محنت کر وہ سب حاصل کرسکتے ہیں۔ چین کے اسکولوں، اسپتالوں اور روڈز پر کوئی کاغذ تک پڑا ہوا نہیں دیکھا۔
مریم نواز نے کہا کہ چین کے عوام میں اتھارٹی کو تسلیم کرنے کا رویہ قابل تقلید ہے، چینی عوام کے خیالات میں نا قابل بیان حد تک ہم آہنگی پائی جاتی ہے اور دل چاہتا ہے کہ پنجاب چین کی طرح ہر دن ترقی کرے۔