لاہور :صوبائی وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب کے عوام فتنہ اور احتجاج کی سیاست کو سپورٹ نہیں کرتے۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا وزیراعلیٰ مریم نواز کا حکومتی معاملات چلانے کا ایک سال مکمل ہونے والا ہے، میرے پاس پچھلے 10 ماہ کا رپورٹ کارڈ موجود ہے، کہا تھا وزیراعلیٰ مریم نواز کے اقدامات فائلوں کیلئے نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ سال عوام کو بہت سے خوشخبریاں دے کر جائے گا، سٹاک ایکسچینج میں 1400 پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے، مہنگائی اس وقت 4 اور 5 فیصد کے درمیان موجود ہے، مریم نواز کیلئے یہ سال اہمیت کا حامل ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز کے پاس پہلے کبھی حکومتی عہدہ نہیں رہا، وزیراعلیٰ مریم نواز کیلئے یہ ایک نیا تجربہ تھا۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے ثابت کیا کارکردگی کیلئے یہ ضروری نہیں کہ کتنی باری ہے، کارکردگی ثابت کرنے کیلئے اہل ہونا ضروری ہے، خیبرپختونخوا میں بھی ایک حکومت ہے، کرم اور پاراچنار کے حالات سب کے سامنے ہیں، کرم اور پاراچنار کی سڑکیں کھلوانا گنڈاپور کا کام ہے، حالات خراب کرنے کی سیاست کو پنجاب کے عوام سپورٹ نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 64 لاکھ خاندانوں کو گھر کی دہلیز پر رمضان پیکیج دیا گیا، لوگوں کے گھروں تک عزت کے ساتھ رمضان پیکیج پہنچا، تاریخ میں پہلی بار پنجاب میں روٹی کی قیمت متعین کی گئی، وزیراعلیٰ مریم نواز نے ایئرایمبولینس شروع کی، ایئرایمبولینس والی بات پر بہت سے سیاسی غریب اور یتیم آ گئے تھے۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پنجاب میں 27 ہزار طلبہ کو الیکٹرک بائیکس میرٹ پر تقسیم کی گئیں، الیکٹرک بائیکس کی تعداد کو بڑھا کر ایک لاکھ کر دیا گیا، سکالرشپس کی تعداد بھی 50 ہزار کر دی گئی ہے، 2ماہ کے بجلی بلوں میں 54 ارب روپے کا ریلیف پنجاب کے غریب لوگوں کو دیا گیا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ نیوٹریشن پروگرام کا آغاز غذائی قلت کے شکار بچوں کیلئے کیا گیا، سکولوں کی ری آرگنائزیشن شروع کی گئی ہے، نئے سکولوں کی تعمیر نو، نئی نرسری اور بوٹی مافیا کا خاتمہ ہوا ہے، ہم نوجوانوں کو شرمز فارمنگ کیلئے آسان قرضے دیں گے، بہت سارے ملک ہیں جنہوں نے شرمز فارمنگ سے بہت سارا زرمبادلہ کمایا۔
ان کا کہنا تھا اپنی چھت اپنا گھر سکیم میں لوگوں کو 15 لاکھ روپے تک آسان اقساط پر قرض دیئے ہیں، اس وقت سیکڑوں کی تعداد میں اپنی چھت اپنا گھر سکیم کے تحت گھر بن رہے ہیں، نواز شریف آئی ٹی سٹی کا قیام کرنے جا رہے ہیں، بڑی بڑی آئی ٹی کمپنیوں کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ لاہور میں ایک ہزار بیڈ کا نوازشریف کینسر ہسپتال بھی بننے جا رہا ہے، چائنہ کے ساتھ ایم او یو سائن ہو گیا ہے، نواز شریف کینسر ہسپتال پر 54 ارب روپے کی لاگت آئے گی، پنجاب میں خصوصی بچوں کو 10 ہزار کی مالی مدد مل رہی ہے۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ کسان کارڈ سے 30 ارب روپے سے زائد کی خریداری ہو چکی ہے، گرین ٹریکٹر سکیم میں ساڑھے 9 ہزار کسانوں کو ٹریکٹر دیئے جانے تھے، گرین ٹریکٹر سکیم کے بہت سارے ٹریکٹر لوگوں کو دیئے جا چکے ہیں، اسی مالی سال میں 5 ہزار سپر سیڈرز کسانوں کو دینے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ لائیو سٹاک کارڈ کا اجرا کیا جا چکا ہے، دیہی خواتین لائیو سٹاک کارڈ کے ذریعے مویشی خرید سکیں گی، ماحولیات کیلئے تاریخی اقدامات ہوئے ہیں، لاہور میں اپنی نوعیت کا پہلا سموگ ٹاور انسٹال کر دیا گیا ہے، لاہور میں ماڈل فش مارکیٹ بھی قائم ہو گی۔
صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا لاہور میں سبزی منڈی کالاشاہ کاکو کے قریب بننے جا رہی ہے، دھی رانی پروگرام میں بچیوں کو سلامی کے طور پر گھریلو سامان دیا جائے گا، وزیراعلیٰ بچیوں کی شادیوں میں خود شرکت کریں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ خواجہ سرا کمیونٹی کیلئے بھی پروگرام شروع کیا گیا ہے، بچوں کی ہارٹ سرجریاں بھی شروع ہو چکی ہیں، اس وقت 500 سے زائد بچوں کی ہارٹ سرجری ہو گئی ہے۔