پہلا ون ڈے: ڈی ایل میتھڈ کے تحت زمبابوے کی پاکستان کو شکست

پہلے ون ڈے میچ میں زمبابوے نے پاکستان شکست دے دی۔ بارش سے متاثرہ میچ میں ڈی ایل میتھڈ کے تحت زمبابوے کو 80 رنز سے فاتح قرار دے دیا گیا۔
پاکستان نے زمبابوے کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔ زمبابوے کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 40.2 اوورز میں 205 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔
بلاوایو میں زمبابوے کے اوپنرز نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا تاہم وہ زیادہ دیر تک قائم نہ رہ سکا اور پہلی وکٹ 5.5 اوورز میں 40 رنز پر گر گئی۔ جوائے لارڈ گمبی 15 رنز پر رن آؤٹ ہوئے۔
زمبابوے کی دوسری وکٹ 58 رنز پر سلمان آغا نے جبکہ تیسری وکٹ 67 رنز پر حارث رؤف نے حاصل کی۔
میزبان ٹیم کی چوتھی وکٹ 83 اور پانچویں وکٹ 99 رنز پر سلمان آغا نے حاصل کی۔ چھٹی وکٹ 124 رنز پر عامر جمال نے جبکہ ساتویں وکٹ 125 رنز پر فیصل اکرم نے حاصل کی۔
اس کے بعد زمبابوے کے بیٹرز نے کچھ مزاحت دکھائی اور پارٹنرشپ قائم کر کے ٹیم کا اسکور 187 رنز پر پہنچایا جس کے بعد اسی اسکور پر فیصل اکرم نے 2 مزید وکٹیں حاصل کرلیں۔
زمبابوے کی آخری وکٹ محمد حسنین نے حاصل کی، میزبان ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ 48 رنز رچرڈ نگروا نے اسکور کیے۔
آسان ہدف کا تعاقب قومی بیٹرز کیلئے پہاڑ بن گیا۔ بیٹنگ لائن ہوم ٹیم کے بولرز کے سامنے تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئی۔
پاکستان کے 6 کھلاڑی 58 رنز پر پویلین لوٹ گئے جبکہ بارش کے آنے تک قومی ٹیم 6 وکٹوں کے نقصان پر 60 رنز بناسکی۔
کامران غلام 17، صائم ایوب 11، عرفان خان نے7، سلمان علی آغا 4، عبداللہ شفیق ایک جبکہ حسیب اللہ صفر پر آؤٹ ہوئے۔ کپتان محمد رضوان 17 جبکہ عامر جمال صفر پر کیریز پر موجود تھے۔
تاہم بارش کے باعث میچ روکا گیا جو دوبارہ شروع نہ ہوسکا جس کے باعث ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت زمبابوے کو فاتح قرار دے دیا گیا۔
زمبابوے کی جانب سے بلیسنگ موزاربانی، سکندر رضا اور شان ولیمز نے دو دو وکٹیں لیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں