اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو مذاکراتی کمیٹیوں کا اجلاس بلانے کی درخواست کر دی۔ ذرائع اسپیکر آفس کے مطابق پی ٹی آئی نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے مذاکراتی کمیٹیوں کا تیسرا اجلاس بلانےکی درخواست کی ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پی ٹی آئی کی درخواست پر سردار ایاز صادق نے جلد ہی حکومت اور پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹیوں کا اجلاس بلانے کی یقین دہانی کروا دی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر ایاز صادق اس معاملے پر آج حکومت اور اپوزیشن سے مشاورت بھی کریں گے۔
واضح رہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے 2 ادوار ہو چکے ہیں جبکہ تیسری میٹنگ آئندہ چند روز میں متوقع ہے جس میں پی ٹی آئی کی جانب سے حکومت کو تحریری طور پر مطالبات دینے کے امکانات ہیں۔