پی ٹی آئی کا سیاست کیلئے مذہب کارڈ کا استعمال افسوسناک ہے: عطا تارڑ

لاہور:وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے پی ٹی آئی کا سیاست کیلئے مذہب کارڈ کا استعمال افسوسناک ہے۔لاہور میں علما کرام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑکا کہنا تھا کہ 190ملین پاؤنڈاوپن اینڈ شٹ کیس تھا، عدالتی فیصلہ ملکی تاریخ کااہم ترین فیصلہ ہے، پی ٹی آئی دورمیں ایسٹ ریکوری یونٹ بنایاگیاتھا، شہزاد اکبر نے ایسٹ ریکوری یونٹ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنی چوری چھپانے کیلئے مذہب کارڈ استعمال کررہی ہے، جب اس کیس میں قانونی دفاع نہ ہوا تو مذہب کارڈ استعمال کرنے لگے، پی ٹی آئی والے خدا کا خوف کریں یہ اس معاملے پر مذہب کو درمیان میں نہ لائیں ، سیاست کیلئے مذہب کارڈ کا استعمال افسوسناک ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ مجھے بتا دیں القادر یونیورسٹی میں کون سی مذہبی تعلیم دی جارہی ہے ، کابینہ نے بند لفافہ منظور کرکے اس کے حوالے کیا جس نے چوری کی،190 ملین پاؤنڈ تاریخ کا سب سے بڑا ڈاکہ ہے، بانی پی ٹی آئی کو رشوت اور ڈاکے کی سزا ملی۔
عطا تارڈ نے کہا کہ کوئی بنیاد نہیں کہ کہا جائے کہ قانونی سقم رہ گیا، این سی اے نے پیسہ ضبط کرکے حکومت کے حوالے کیا ہے، یہ پیسہ پاکستان کے عوام کی فلاح وبہبود کیلئے تھا، شہباز شریف نے این سی اے کی تحقیقات میں خود کو کلیئر کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ وہی پیسہ ہے جس سے 25کروڑ کا گھر بنایا گیا، بتایا جائے بانی پی ٹی آئی کے ذرائع آمدن کیا ہیں ؟پی ٹی آئی کے پاس اپیل کیلئے مضبوط مواد نہیں ہے،القادر ٹرسٹ کو حکومتی تحویل میں دے دیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ القادر ٹرسٹ کیس میں کابینہ کے کسی رکن نے کوئی فائدہ نہیں اٹھایا اس لیے کابینہ ارکان کو سزا نہیں دی گئی ، کیس میں جو لوگ مفرور ہیں ان کی گرفتاری کی کوشش کررہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں عطا تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے مذاکرات کا مقصد ملک میں سیاسی استحکام لانا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں