اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملنے کی باضابطہ درخواست وزارتِ داخلہ کو موصول ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب وزات داخلہ کو بیرسٹر گوہر اور سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین حامد رضا کی عمران خان سے جیل میں ملنے کی درخواست کی گئی ہے، وزارت داخلہ کو بھیجی گئی درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ آخری دفعہ ہمارے وکیلوں کی عمران خان سے اڈیالہ میں ملاقات 3 اکتوبر کو ہوئی تھی، ہمیں بانی پی ٹی آئی سے فوری ملاقات کرنے کی اجازت دی جائے۔
بتایا جارہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 15 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہونے والا احتجاج منسوخ کرنے کو بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات سے مشروط کردیا، اس سلسلے میں تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں طویل مشاورت ہوئی، اجلاس کی صدارت سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے کی، دوران اجلاس پارٹی کے بعض اراکین نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے باعث احتجاج ملتوی کرنے کی تجویز دی جبکہ شہباز گل اور خالد خورشید سمیت دیگر اراکین نے احتجاج ملتوی کرنے کی مخالفت کی۔
کور کمیٹی اراکین کا کہنا تھا کہ بانی تحریک انصاف عمران خان سے ملاقاتوں پر پابندی حکومت کی سوچی سمجھی سازش ہے، پی ٹی آئی کور کمیٹی نے 15 اکتوبر کا احتجاج ملتوی کرنا بانی پی ٹی آئی سے ملاقات سے مشروط کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی صحت بارے پریشانی لاحق ہے، کور کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ 14 اکتوبر تک بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی صورت میں احتجاج ملتوی کر دیں گے،ڈاکٹر، وکیل یا کسی بھی پارٹی رہنما کی بانی سے ملاقات کرا دی گئی تو احتجاج ملتوی کر دیا جائے گا، ملاقات نہ کرائی گئی تو 15 اکتوبر کو بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔