’چھاوا‘ فلم دیکھ کر جذباتی مداح نے سینما اسکرین پھاڑ ڈالی

بالی وڈ فلم انڈسٹری کے خوبرو اداکار وکی کوشل اور ساؤتھ انڈین فلم انڈسٹری کی سپر سٹار اداکارہ رشمیکا مندانا کی موسٹ اوویٹڈ فلم ‘چھاوا ‘ کی ریلیز کے بعد وکی کے ایک اور مداح کی انوکھی حرکت توجہ کا مرکز بن گئی۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم ’چھاوا‘ کی تھیٹر ریلیز کے دوران گجرات پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے ایک شخص کو گرفتار کیا جس نے فلم کی نمائش کے دوران گجرات کے علاقے بھروچ کے ایک تھیٹر میں توڑ پھوڑ کی،واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر جاری ہوتے ہی تیزی سے وائرل ہوگئی جس میں ملزم کو اپنے ہاتھوں سے تھیٹر کی سکرین کو پھاڑتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ اتوار کی رات اس وقت پیش آیا جب آر کے سنیما میں دن کا آخری شو دکھایا جا رہا تھا، ملزم کی شناخت جیش وساوا کےنام سے ہوئی ہے جو مبینہ طور پر نشے کی حالت میں فلم دیکھ رہا تھا۔

رپورٹس کے مطابق فلم کے ایک سین میں مغل بادشاہ اورنگ زیب کو چھترپتی سمبھاجی مہاراج کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے دکھایا گیا، یہ سین دیکھ کر ملزم بے قابو ہوگیا اور اس نے غصے کے عالم میں سینما اسکرین کو پھاڑ ڈالا،ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملزم نشے کی حالت میں پوڈیم پر چڑھا اور آگ بجھانے والے آلات سے سلور اسکرین کو نقصان پہنچانے کے بعد اسکرین بھاڑ دی،اس کے اس عمل سے تھیٹر کے اندر ہنگامہ مچ گیا جس کے بعد تھیٹر کی سیکیورٹی اور ملٹی پلیکس کے عملے نے جیش کو گھسیٹ کر ہال سے باہر نکال دیا۔

واقعے کے بعد تھیٹر کے جنرل مینیجر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے کے نتیجے میں انہیں تقریباً ڈیڑھ لاکھ روپے کا نقصان ہوا ہے، صرف یہی نہیں تھیٹر میں ہونے والے کئی شوز کو جیش کے فعل کی وجہ سے منسوخ اور ’ری شیڈول‘ کرنا پڑا۔ واضح رہے کہ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق وکی اور رشمیکا کی فلم ’چھاوا‘ نے اپنی ریلیز کےصرف چار دنوں میں 140 کروڑ روپے کا بزنس کرلیا ہے۔ فلم کے آخری 45 منٹ حیرت انگیز ہیں جس کے ساتھ فلم کا کلائمکس شائقین کو جذباتی کر رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں