چھوٹے گھر وں کی لگژری سجاوٹ

بنتِ مریم:
بڑے گھروں کے مقابلے میں چھوٹے گھروں کی تزئین و آرائش قدرے مشکل کام ہے ۔ بعض اوقات سجاوٹ کے چکر میں سامان کی بھرمار کردی جاتی ہے جو گھر کو مزید بدنما بنا دیتی ہے ۔ گھر کی آرائش اس انداز سے کرنا کہ وہ کھلا کھلا اور ہوادار محسوس ہو ،کسی فن سے کم نہیں۔چھوٹے گھروں یا کمروں کی آرائش سے متعلق کچھ تجاویز نذر قارئین ہیں۔
فرنیچر اور پردے
فرنیچر کا انتخاب سوچ سمجھ کر یں۔ آپ کا گھر چھوٹا ہے اور آپ کو جگہ کی کمی کا سامنا ہے تو اپنے گھر میں کم حجم والا فرنیچر رکھیں ۔بھاری بھر کم فرنیچر اور پردے جگہ کی کمی کو نمایاں کر دیتے ہیں۔آئرن فرنیچر میں آج کل اچھے ڈیزائنز موجود ہیں۔ان کا انتخاب بہتر رہتا ہے لیکن اگر آپ کے پاس لکڑی کا فرنیچر موجود ہے تو چار پانچ سال بعد اس پر نئی پالش کروا لیں ۔ پردوں اور بیڈ شیٹ کے رنگ اور اسٹائل فیشن کے بدلتے رجحانات اور موسم کے لحاظ سے منتخب کریں ،لیکن بھاری بھر کم پردوں سے گریز کریں۔

لائٹس
کمروں میں روشنیوں کا امتزاج متناسب رکھیں ۔اپنی ضرورت کے مطابق کمرہ روشن کریں اور اپنی مرضی کے ماحول میں کام کریں۔ مدہم لائٹس کا انتخاب نہ کریں ۔

پینٹ
کمرے کی دیواروں پر ایسے پینٹ کا انتخاب کریں جو جدید طرز کے مطابق ہو ۔ کبھی بھی ڈارک شیڈز کا استعمال نہ کریں،اس سے کمرہ مزید چھوٹا لگتا یے۔ دیواروں کو دو رنگوں میں رنگ کر کمرے کے جمالیاتی حسن میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ ایک دیوار پر وال پیپر بھی چسپاں کیا جا سکتا ہے ۔


فرش اور آئینے
قدیم عمارتی نقوش کے ساتھ آئینے اور جدید تراش خراش کے ساتھ ڈیکوریشن مرر بھی آپ کی ذوق آرائش میں تسکین کا باعث بن سکتے ہیں۔زیادہ رنگ برنگ پینٹنگز یا ڈیکوریشن آئٹمز کی جگہ آئینے جگہ کو وسیع لُک دیتے ہیں۔فرش پر کارپٹ بچھانے سے گریز کریں لیکن اگر ضروری ہو تو ہلکے رنگوں کا انتخاب کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں