واشنگٹن: امریکی محکمہ انصاف نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مجرمانہ مقدمات میں ملوث متعدد عہدیداروں کو برطرف کر دیا ہے۔عالمی میڈیا کے مطابق محکمہ انصاف کے عہدیدار نے کہا ہے کہ قائم مقام اٹارنی جنرل جیمز میک ہنری نے یہ فیصلہ کیا کیونکہ ان کے خیال میں صدر کے خلاف مقدمہ چلانے میں اہم کردار ادا کرنے والوں پر اعتبار نہیں کیا جا سکتا کہ وہ ایمانداری کے ساتھ صدر کے ایجنڈا پر عمل درآمد کریں گے۔
امریکی میڈیا کا مزید کہنا ہے کہ متعلقہ عہدیدار نے یہ واضح نہیں کیا کہ کتنے اہلکاروں کو برطرف کیا گیا ہے تاہم بارہ سے زیادہ افراد کو ملازمت سے ہٹایا گیا ہے اور ان میں سے اکثر محکمہ انصاف کے ساتھ بطور پراسیکیوٹر منسلک تھے۔
واضح رہے کہ صدر ٹرمپ کے خلاف دو کیسز سامنے لانے والے خصوصی کونسل جیک سمتھ نے رواں ماہ کے آغاز میں ہی عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، جیک سمتھ نے ڈونلڈ ٹرمپ پر 2020 کے انتخابات کے نتائج کو تبدیل کرنے کی کوشش اور وائٹ ہاؤس چھوڑنے کے بعد سرکاری خفیہ دستاویزات میں لاپروائی برتنے کے الزامات عائد کیے تھے۔