کاسمیٹکس کو ضائع ہونے سے بچائیں

کافی عرصے تک استعمال نہ کرنے کی صورت میں ان کی رنگت بھی تبدیلی ہو سکتی ہے اور ان کا استعمال لازمی طور پر جلد کے لئے مضر ثابت ہوتا ہے

جی ہاں جس طرح اشیاء خوردنوش وقتِ مقررہ گزرنے کے بعد استعمال کے قابل نہیں رہتیں۔ٹھیک اسی طرح کاسمیٹک کی مصنوعات بھی رکھے رکھے باسی ہو جاتی ہیں اور کافی عرصے تک استعمال نہ کرنے کی صورت میں ان کی رنگت بھی تبدیلی ہو سکتی ہے اور ان کا استعمال لازمی طور پر جلد کے لئے مضر ثابت ہوتا ہے اس کے علاوہ ان اشیاء میں کچھ عرصہ گزرنے کے بعد ناخوشگوار مہک بھی پیدا ہونے لگتی ہے۔
اس نقصان دہ صورتحال سے نبرو آزما ہونے کے لئے قبل از وقت احتیاطی تدابیر اختیار کر لینا زیادہ بہتر رہتا ہے۔
اس کے لئے سب سے پہلے اپنی سنگھاری اشیاء خریدنے سے قبل اپنی ضرورت کا جائزہ لیں کہ آپ کون سی پروڈکٹ کتنی مقدار میں اور کتنے عرصے کے وقفے سے استعمال کرتی ہیں۔نیز پچھلی مرتبہ خریدی ہوئی میک اپ پراڈکٹ کتنے عرصے کے بعد اختتام پذیر ہوئی۔

اس کے بعد ان تمام باتوں کو مدِ نظر رکھتے ہوئے میک اپ پراڈکٹس کی خریداری کیجیے۔مثال کے طور پر اگر آپ فاؤنڈیشن کا استعمال محض رات میں منعقدہ تقریبات میں شرکت کرتے ہوئے کرتی ہیں اور مہینے میں زیادہ سے زیادہ 4-5 مرتبہ یہ مواقع ملتے ہیں تو فاؤنڈیشن صرف اتنی مقدار میں خریدیں کہ وہ 2-3 ماہ کے اندر اندر ختم ہو جائے۔
اس کے علاوہ لپ اسٹک ایسی اہم و ہر دلعزیز بیوٹی پراڈکٹ ہے جس کے بغیر میک اپ نامکمل تصور کیا جاتا ہے اور یہ طویل عرصے تک ٹھیک حالت میں بھی رہ سکتی ہے لیکن کسی شے کو دوام تو ہے نہیں! اسی لئے طویل عرصہ کے بعد لپ اسٹک کی کوالٹی بھی بگڑنے لگتی ہے اور اس کی مہک میں فرق آنے لگتا ہے اور اس طرح کی لپ اسٹک لگانے سے ہونٹوں پہ الرجی اُبھرنے کا خطرہ بھی لاحق ہو سکتا ہے۔
اس لئے حفظِ ماتقدم کے طور پر اپنی ساری لپ اسٹکس کو استعمال کے بعد فریج میں رکھیں اس طرح ان کی کوالٹی و کارکردگی متاثر ہونے سے محفوظ رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں