کراچی ایئرپورٹ سگنل کے قریب زور دار دھماکا ہوا ہے جس میں 3 غیرملکی جان سے گئے جبکہ 17 افراد زخمی ہوگئے۔ نشانہ بننے والی گاڑی میں غیرملکی سوار تھے۔
دھماکے سے 2 گاڑیوں اور 2 موٹر سائیکلوں میں آگ لگی، اطلاع پر فائر بریگیڈ کی گاڑیوں نے پہنچ کر آگ بجھائی۔ واقعے میں زخمی افراد کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز قیوم آباد، ڈیفنس، جمشید روڈ کے اطراف بھی سنی گئی۔ڈی آئی جی ایسٹ اظفر مہیسر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے میں 2 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دھماکے کی نوعیت کا تعین کرنے میں وقت لگے گا، دھماکے کے بعد آگ لگنے سے نقصان ہوا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جب تک فارنزک رپورٹ نہیں آتی مقامی پولیس کوئی بیان نہیں دے گی۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق ایئرپورٹ پر تمام تنصیات محفوظ ہیں۔ اس حوالے سے ایس ایس پی ملیر کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ سگنل کے قریب زودار دھماکا ہوا، ابتدائی طور پر لگتا ہے دھماکا آئل ٹینکر میں ہوا۔انہوں نے بتایا کہ ایئرپورٹ کے قریب تین، چار گاڑیوں میں آگ لگی، ریسکیو اہلکار جائے حادثہ پر پہنچے، پولیس اور رینجرز اہلکار بھی موقع پر پہنچے۔