کرایہ دار سے گھر خالی کرانے کیلئے مالک مکان کا انوکھا طریقہ

شمالی فرانس میں ایک مالک مکان نے کرایہ دار سے گھر خالی کرانے کیلئے انوکھا طریقہ اختیار کرلیا۔

مالک مکان نے کرایہ دار کی جانب سے کرایہ کی ادائیگی روکنے پر موسم سرما کے وسط میں گھر کے دروازے اور کھڑکیاں نکلوادیں تاکہ کرایہ دار کو مجبور کیا جاسکے کہ وہ گھر چھوڑ دے۔

واضح رہے کہ دیگر یورپی ملکوں کی طرح فرانس میں بھی کرایہ دار کو سردیوں کے موسم میں گھر سے نکالنا غیرقانونی ہے چاہے وہ کرایہ کی ادائیگی میں پس و پیش ہی کیوں نہ کر رہا ہو۔

تاہم شمالی فرانس کے ایک ڈپارٹمنٹ پاسڈی کلیس میں ایک مالک مکان نے اپنے کرایہ دار کو گھر چھوڑنے کا کہے بنا، قانون شکنی کرتے ہوئے گھر کے دروازے اور کھڑکیاں نکلوا دیے تاکہ وہ پریشان ہوکر گھر چھوڑ دے۔

اس سلسلے میں 20 دسمبر کو مزدور مذکورہ بالا مکان پر پہنچے اور انھوں نے گھر کی کھڑکیاں اور دروازے یہ کہہ کر نکالنا شروع کر دیے کہ انھیں تبدیل کرنا ہے۔

تاہم کرایہ دار نے دعویٰ کیا کہ ورکرز دروازے اور کھڑکیاں نکال کر گاڑی میں رکھ کر چلے گئے اور انھیں دن رات شدید سرد موسم کا مقابلہ کرنے کےلیے چھوڑ دیا۔

کرایہ دار خاتون جو ایک بچے کی ماں ہے، اس کا کہنا ہے اس نے مالک مکان سے رابطے کی کوشش کی لیکن ایسا نہ ہوسکا، جس کے بعد اس نے سردی سے بچنے کے لیے کھڑکی اور دروازوں کی کھلی جگہوں پر کارڈ بورڈز نصب کیے۔

خاتون کا کہنا تھا کہ وہ خوفزدہ ہے اور اب گھر سے باہر بھی نہیں جا رہی ہے اور سارا وقت گھر میں رہنے پر مجبور ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں