کس سے اور کیوں معافی مانگوں، پرچے کاٹنے ہیں، جو کرنا ہے کرلو، علی امین گنڈاپور

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ بار بار کہا جا رہا ہے کہ معافی مانگو، میں کس چیز کی معافی مانگوں اور کس سے معافی مانگوں، پرچے کاٹنے ہیں،جو کرنا ہے، کرلو۔
اپنے ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ لاہور جلسے میں بھر پور شرکت کرکے اسے کامیاب بنانے پر عمران خان کی طرف سے زندہ دلان لاہور اور پورے پنجاب کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں، میں خیبرپختونخوا کی عوام کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ہمیشہ کی طرح یہ ثابت کردیا کہ ہم غیرت مند لوگ ہیں اور جو کہتے ہیں وہ کر دکھاتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کل لاہور جلسے کے اندر پنجاب کی فارم 47 کی حکومت نے جو حرکت کی اس کی بھر پور مذمت کرتا ہوں، اس ملک میں کوئی معیار نہیں نہ قانون سب کے لئے برابر ہے اس لئے ہماری یہ تحریک اور مطالبہ ہے کہ دو نہیں ایک پاکستان ہونا چاہیے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ایک ریاست دو دستور ہمیں منظور نہیں کیونکہ اس ملک میں غریب کے لئے قانون ہے اور امیر کے لئے دوسرا، ہم اپنے مقصد کے حصول تک اپنی یہ تحریک جاری رکھیں گے، میڈیا پر جھوٹے بیانئے دے کر قوم کو بے وقوف نہیں بنایا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کا یہ بیانیہ بے بنیاد ہے کہ جلسے کے لئے راستے کھلے چھوڑے گئے تھے، جلسہ گاہ کے دو کلومیٹر کے احاطے بھاڑ لگائی گئی تھی تاکہ لوگ جلسہ گاہ تک پہنچ نہ سکیں، جلسے میں جس طرح کی رکاوٹیں ڈالی گئیں وہ سوشل میڈیا پر موجود ہیں۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ یہ کم ظرف لوگوں کا شیوہ ہے اور ہم کم ظرفوں سے ظرف کی امید بھی نہیں رکھتے، اگر آپ اتنے ہی جمہوری لوگ ہوتے تو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت دے دیتے یا اجازت دے دیں، تاکہ ہم آپ کو بتادیں کہ جلسہ کیا ہوتا ہے اور کسے کہتے ہیں۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ نواز شریف کی سیاسی پیدائش اور پرورس آمریت کے گملے میں ہوئی ہے، آپ نے اس ملک دولت لوٹ کر بیرون ملک جو جائیدادیں بنائیں وہ پوری قوم کو معلوم ہے، میں آپ کو مبارکباد دیتا ہوں کہ آپ کی بیٹی آپ سے بھی دو قدم آگے ہے، آمریت کے گملے میں پرورش کے لحاظ سے اس نے آپ کے ریکارڈ بھی توڑ دیے۔
ان کا کہنا تھا کہ نے کہا کہ میں بلاول اور زرداری کو بھی غیرت دلاتا ہوں، آپ اقتدار اور پیسے کے لئے ہر حد تک جاسکتے ہو اور جاچکے ہو، آج آپ سب مل کر جمہوریت پر جو ڈاکہ ڈال رہے ہیں وہ پوری قوم دیکھ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ جو جو پارٹیاں غیر آئینی اقدامات میں حصہ بن رہے ہیں وہ سن لے کہ یہ قوم ان کو بتائے گیجس طرح 8 فروری کو بتایا تھا کہ عوام جمہوریت کے ساتھ ہے اور عمران خان کے ساتھ ہے، عمران خان نے ہمیں لاالہ اللہ کا مطلب سمجھایا اور اس قوم کو ازاد کرایا۔
علی امین نے کہا کہ آج قوم کا ہر بچہ، بوڑھا، مرد، عورت سب ملک کو اندھیروں میں دھکیلنے والوں کے خلاف عمران خان کی تحریک کا حصہ ہے، عمران خان نے قانونی طریقے سے توشہ خانہ سے چیزیں لی تو آج جیل میں ہے اور جنھوں نے غیر قانونی طور پر لے لی ہیں وہ آج اقتدار میں ہیں، یہ قوم غلام نہیں ہم اپنے حق کے لئے لڑیں گے اور مریں گے۔وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ ملک میں عدلیہ آزاد نہیں، ججوں نے خطوط لکھے کہ ان پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے، ہم عدلیہ کے ساتھ ہیں، عدلیہ نشاندہی کرے کہ کون دباؤ ڈال رہا ہے، ہم عدلیہ کا ساتھ دیں گے، ہم اپنے اذادی کی بات کرتے ہیں کیونکہ نہ ہم غلام پیدا ہوئے اور نہ غلامی برداشت کریں گے، واضح پیغام ہے کہ ہم نہ اس فارم 47 کی حکومت کو مانتے ہیں اور نہ ان کے کسی غیر آئینی اقدام کو مانیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نہ ہم ان کے غیر آئینی ترمیم کے ذریعے بننے والی کسی عدالت کو مانتے ہیں، ہم ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کے کھڑے ہیں، عمران خان کی رہائی تبھی ہوگی جب یہ عدلیہ آزاد ہوگی، آنے والے جمعے کے دن ہم ملک کے تمام شہروں اور دیہاتوں میں نکلیں گے اور پر امن انداز میں آئین کی بالادستی، عدلیہ کی آزادی اور عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کریں گے۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہماری یہ تحریک دن بدن تیز ہوتی جائے گی، اب وقت آگیا ہے کہ ہم نے اپنی آنے والی نسلوں کو آزاد کرانا ہے یا انہیں ان لوگوں کا غلام بنانا ہے جنھوں نے اس ملک کو لوٹا، عمران خان کی حکومت میں معیشت سمیت سب کچھ ٹھیک چل رہا تھا، آج مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی کی صورتحال سب کے سامنے ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں