’کولاجن‘ کیا ہے، جواں دکھائی دینے کیلئے کتنا ضروری ہے؟

جلد کو خوبصورت اور جواں سال رکھنے کے لیے سب سے اہم عنصر ’کولاجن‘ ہے، جو جلد کو جھریوں سے محفوظ رکھتا ہے۔

ہماری جِلد خود کار نظام کے تحت کولاجن کو پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور ایک صحت مند شخص اتنا کولاجن پیدا کرتا ہے جس سے اس کی جِلدی ضروریات پوری ہو سکیں۔

مغرب میں دیگر کئی اقسام کے سپلیمنٹس کی طرح ’کولاجن پیپٹائیڈ پاؤڈر ڈرنکس‘ کا استعمال بڑھنے لگا ہے، تاکہ اس کے ذریعے جسم میں کولاجن کی کمی کو پورا کیا جا سکے۔

سوال یہ ہے کہ کیا کولاجن پر مبنی پروٹین ڈرنکس فائدہ مند ہیں؟ آئیے جانتے ہیں۔

کولاجن کیا ہے؟
کولاجن انسانی جِلد میں وافر مقدار میں پایا جانے والا پروٹین ہے، لچکدار ریشوں کے ساتھ کولاجن، زیریں جِلد (Dermis) اور وسطی تہہ میں موجود ہوتا ہے، جو اسے حجم اور بھرپور شکل فراہم کرتا ہے۔

کولاجن، ہڈیوں، رگوں، نسوں، اعضا، پٹھوں، بالوں اور ہمارے جسم میں ریشوں کے پھیلے ہوئے جال میں بھی پایا جاتا ہے، اسے عموماً ایک ایسے Glue سے تشبیہ دی جاتی ہے جو جسم کو جوڑے رکھتا ہے۔

کولاجن کی پکی ہوئی (Cooked) شکل کو جلیٹن (Gelatin) کہا جاتا ہے، جسے جانوروں کی کھال، نرم ہڈیوں (Cartilage) اور دیگر ہڈیوں کو اُبال کر حاصل کیا جاتا ہے۔

فروٹ جلیٹن، پڈنگ، کیک، دہی، مارشمیلو (Marshmallows) ایک خاص قسم کی مٹھائی جو شکر، جلیٹن اور مکئی کے پاوڈر سے بنتی ہے، آئس کریم، سوپ، ہڈیوں کے شوربے، یہاں تک کہ وٹامنز اور کیپسولز کی کوٹنگ میں بھی کولاجن استعمال ہوتا ہے۔

یہ جاننے کے بعد یہ بات باآسانی کہی جا سکتی ہے کہ آپ زندگی بھر غیر متوقع طریقوں سے کولاجن استعمال کرتے رہتے ہیں۔

سوال یہ ہے کہ آپ کو کولاجن کی فکر کیوں کرنی چاہیے؟ اس کا ایک لفظ میں جواب ہے، ’جُھریاں‘، کولاجن ہماری جِلد کو جواں سال اور بھرپور رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

جِلد میں ایک کیمیائی خامرہ (Enzyme) بھی ہوتا ہے جسے Collagenase کہا جاتا ہے، یہ ہمارے جسم میں کولاجن کے پھیلے ہوئے وسیع نیٹ ورک کو توڑتا ہے۔

25 سال کی عمر تک جِلد میں کولاجن کی پیداوار اسے توڑنے والے انزائم سے زیادہ ہوتی ہے۔

25 سال کی عمر کے بعد یہ تناسب اُلٹ ہو جاتا ہے یعنی ہم جتنا کولاجن پیدا کرتے ہیں، اس سے زیادہ ضائع کرتے ہیں، یہی وہ دور ہوتا ہے، جب ہم جِلد پر فائن لائنز، جُھریوں، جِلد میں لٹک اور جوڑوں میں درد کو اُٹھتا محسوس کرتے ہیں۔

کولاجن لینا جِلد اور بالوں کیلئے مفید ہے؟
ہم جیسے جیسے عمر رسیدہ ہوتے جاتے ہیں، ہماری جِلد کولاجن پیدا کرنے کے مقابلے میں اسے ضائع زیادہ کرتی ہے، تاہم بیرونی ذرائع سے کولاجن لینے کے فوائد واضح نہیں ہیں۔

جِلدی ماہرین کا کہنا ہے کہ ہر چند کہ کولاجن آپ کی جِلد پر نمودار ہونے والی جُھریوں کو ختم نہیں کر سکتا اور نہ ہی یہ آپ کی جِلد کی بچوں والی نرمی واپس لوٹا سکتا ہے مگر یہ ممکن ہے کہ کولاجن رنگ و روپ میں بہتری پیدا کرے۔

ماہرین کہتے ہیں کہ کولاجن کا استعمال آپ کی جِلد میں لچک اور اسے بحال کرنے کے عمل کو تیز کر سکتا ہے، جس کے نتیجے میں آپ کی جِلد نیا کولاجن پیدا کر سکتی ہے۔

کولاجن ڈرنکس اور پاؤڈرز میں اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات ہوتی ہیں، اینٹی آکسیڈنٹس جِلد کے خلیوں کو نقصان پہنچانے والے ’فری ریڈیکلز‘ کی پیداوار کو روکتے ہیں۔

نتیجتاً کولاجن ڈرنکس خراب جِلد کو بحال کر سکتے ہیں کیونکہ اینٹی آکسیڈنٹس ماحولیاتی آلودگی سے جِلد کو بچانے، فائن لائنز اور جُھریوں کو ظاہر ہونے سے روکنے اور جِلد کی ساخت کو بہتر بنانے کا کام کرتے ہیں۔
ابتدائی تحقیق سے جِلد میں لچک پیدا ہونے اور جوڑوں کے درد میں کمی کے اشارے ضرور ملے ہیں۔

کولاجن لینے کے کچھ غذائی فوائد بھی ہو سکتے ہیں۔

کولاجن پاؤڈر کے 2 اسکوپ لینے سے 18 گرام پروٹین حاصل ہوتا ہے۔

بہتر نتائج کے لیے جِلد کے ماہرین تجویز کرتے ہیں کہ کولاجن ڈرنکس اور پاؤڈر کے بجائے کولاجن سپلیمنٹس لیے جائیں۔

جِلد کے کولاجن میں کیسے بہتری لائی جائے؟
عمر رسیدہ ہونے کے علاوہ مخصوص طرح کا لائف اسٹائل جیسے شوگر، الکوحل، تمباکو کا زیادہ استعمال اور دھوپ میں زیادہ دیر رہنا بھی جِلد میں کولاجن کی پیداوار کو کم کرسکتا ہے، ایسے میں ایک صحت مند اور متوازن غذا جِلد میں کولاجن کی پیداوار کو بڑھانے کا اچھا طریقہ ہو سکتی ہے۔

حقیقی اور دیرپا نتائج کے لیے آپ کو سبزیاں، پھل اور صحت مند فیٹس کا استعمال بڑھا دینا چاہیے جبکہ مٹھائیوں اور پروسیسڈ کھانوں (سوزش بڑھانے والی غذاؤں) کے استعمال کو محدود کر دیں، اس کے علاوہ وافر مقدار میں پانی پینا انتہائی ضروری ہے۔

کیٹاگری میں : صحت

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں