ہر سال برسات کے موسم میں چین کی پویانگ جھیل کے بیچ سے گزرتی ہوئی ایک خوبصورت سڑک کسی افسانوی ڈریگن کے پانی کے اندر گھومتی ہوئی دکھائی دیتی ہے۔
یونگ وو روڈ چین کے قدیم ترین قصبوں میں سے ایک ووچینگ کو قریبی قصبوں اور اضلاع سے جوڑنے کا واحد راستہ ہے۔
یہ 5.05 کلومیٹر لمبی سڑک X219 کاؤنٹی روڈ کا حصہ ہے، جو چین کی سب سے بڑی میٹھے پانی کی جھیل پویانگ جھیل کے بیچوں بیچ تعمیر کی گئی ہے۔
جیانگ شی صوبے کا یہ مشہور سیاحتی مقام خاص طور پر بہار کے موسم میں برسات کے آغاز پر توجہ کا مرکز ہوتا ہے جب جھیل کے پانی کی سطح بڑھنے لگتی ہے۔
جب جھیل کی سطح 18.6 میٹر تک پہنچتی ہے تو سڑک کے کچھ حصے پانی میں ڈوب جاتے ہیں اور یہ ’چین کی پانی کے نیچے سب سے خوبصورت سڑک‘ بن جاتی ہے۔
ڈرائیونگ کے محدود مواقع
دلچسپ بات یہ ہے کہ پانی میں ڈوبی اس سڑک پر گاڑی چلانے کا موقع محدود ہوتا ہے کیونکہ مقامی حکام پانی کی سطح کے سیلاب کی وارننگ لائن (19 میٹر) تک پہنچنے پر احتیاطی تدابیر کے تحت اسے ٹریفک کیلئے بند کر دیتے ہیں۔
یونگ وو روڈ اس وقت تک بند رہتی ہے جب تک پانی کی سطح معمول پر نہیں آتی۔
یونگ وو روڈ کی تاریخ اور حفاظتی انتظامات
یونگ وو سڑک 2013 میں عوام کےلیے کھولی گئی تھی۔ اگرچہ پانی والی اور پھسلنے والی سڑک پر گاڑی چلانے کے خطرات موجود ہیں، لیکن اب تک کوئی سنگین حادثہ رپورٹ نہیں ہوا ہے۔