وینا ملک کی انسٹاگرام اسٹوریز کے اسکرین شاٹس وائرل ہیں جن میں انہوں نے ’ایم شہریار‘ نامی ایک ٹک ٹاک اکاؤنٹ اور ’شہریار چوہدری‘ کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کی ویڈیوز کو ری شیئر کیا ہے۔
اداکارہ نے ان ویڈیوز کے ساتھ سرخ دل والے ایموجیز اور کمنٹس بھی دیے ہیں، جس سے قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں کہ ان کی زندگی میں کوئی خاص شخص دوبارہ آ گیا ہے۔ تاہم، وینا ملک نے ابھی تک اس حوالے سے کوئی واضح بیان نہیں دیا اور نہ ہی اس “مسٹری مین” کا چہرہ سامنے آیا ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ وینا ملک کے کسی خاص رشتے کی خبریں سامنے آئی ہیں۔ اس سے قبل بھی ان کے افیئرز میڈیا کی شہ سرخیوں کا حصہ رہے ہیں، جیسے بھارتی اداکار اشمیت پٹیل اور پاکستانی اداکار ببرک کے ساتھ ان کی محبت کے چرچے ہوئے ہیں۔
وینا ملک نے 2013 میں دبئی کے بزنس مین اسد بشیر خان سے شادی کی تھی، جو 2017 میں طلاق پر ختم ہو گئی۔ اس کے بعد ان کے بچوں کی حوالگی سے متعلق تنازع بھی سامنے آیا، لیکن دونوں بیٹوں کی کسٹڈی اداکارہ کے پاس ہی ہے۔