13 ہزار کمانے والے نے گرل فرینڈ کو 4 مہنگے فلیٹ،ہیرے جڑے گلاسز تحفے میں دے دئیے

بھارت میں 13 ہزار روپے تنخواہ والے کنٹریکٹ سرکاری ملازم نے گرل فرینڈ کو4 مہنگے فلیٹس اور ہیرے جڑے گلاسز تحفے میں دے دئیے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مہاراشٹر میں سرکاری اسپورٹس کمپلیکس میں کمپیوٹر آپریٹر کی ملازمت کرنے والے ہرشل کمار نے بڑے پیمانے پر مالی فراڈ کیا۔ ہرشل کمار کی ساتھی اور اس کے شوہر کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ وہ خود فرار ہوگیا۔ ہرشل کمار کی تلاش جاری ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ 23 سالہ ہرشل کمار نے اسپورٹس کمپلکس کے پرانے لیٹر ہیڈز پر بینک کو ای میل کی اور رقم منتقل کرنے کو کہا۔ ہرشل نے یکم جولائی سے 7 دسمبر تک 13 مختلف بینک اکاؤنٹس میں 6۔21 کروڑ روپے ٹرانسفر کروائے۔
پولیس کے مطابق ہرشل کمار نے اس رقم سے مہنگی ترین گاڑیاں اور موٹر بائیک خریدی۔ ہرشل نے اپنی گرل فرینڈ کو 4 انتہائی مہنگے فلیٹس اور ہیرے جڑے سن گلاسزبھی تحفے میں دئیے۔ اسپورٹس کمپلیکس کی انتظامیہ کی جانب سے مالی فراڈ کی شکایت پر پولیس نے کارروائی شروع کی تو ہرشل کمار کا نام سامنے آیا۔ پولیس مفرور ہرشل کمار کو تلاش کررہی ہے۔ پولیس نے ہرشل کی مہنگی گاڑیاں قبضے میں لے لی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں