94 برس اوسط عمر کے 17 برطانوی مذہبی گلوکار دنیا کا معمر ترین گروپ قرار

برطانیہ کے مذہبی گیت گانے والے گلوکاروں کا ایک گروپ جنکی اوسط عمر 94 سال ہے، دنیا کا معمر ترین گلوکاروں کا گروپ قرار دیا گیا ہے۔

یہ گروپ 17 افراد پر مشتمل ہے اور انھیں گنیز ورلڈ ریکارڈز نے باضابطہ طور پر معمر ترین گلوکار گروپ قرار دیا۔

یہ گروپ جسے پرائم ٹائمرز کا نام دیا گیا ہے ان کے اراکین نے جب گزشتہ 19 دسمبر کو اسٹیج پر کرسمس کنسرٹ میں حصہ لیا تو انکی عمریں87 سے 99 برس کے درمیان تھیں۔

گنیز ورلڈ ریکارڈ کا ایک نمائندہ گروپ کے پرفارمنس کے موقع پر سامعین میں شامل تھا جس نے بعدازاں تصدیق کی کہ گروپ نے معمر ترین گلوکاروں کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

یہ تمام گلوکار سات کیئر ہومز کے رہائشی ہیں جو کہ رنووڈ ہومز کے زیراہتمام اور اسٹریٹفورڈ اپون ایوون میں واقع ہے۔

واضح رہے کہ یہ کنسرٹ کراؤن پلازہ ہوٹل کے گرینڈ بال روم میں منعقد ہوا جہاں گلوکار ٹونی کرسٹی بھی شریک تھے، جو اماریلو اور سائلنٹ نائٹ کی پرفارمنس کے لیے اس گروپ میں شامل ہوئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں