پاکستان عالمی امن اور سکیورٹی کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا: اسحاق ڈار

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی امن اور سکیورٹی کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔اسلام آباد میں سفرا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ فلسطینی مسلمانوں کی منظم نسل کشی، اسرائیل کے جنگی جرائم اور کشمیر میں ظلم و بربریت کا سلسلہ جاری ہے، دنیا کو ملکر اسے ختم کرنا ہوگا، فلسطین اور کشمیر میں جاری مظالم اقوام متحدہ کی ساکھ پر سوالیہ نشان ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ دنیا کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، پاکستان عالمی امن اور سکیورٹی کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ان کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کی غیر مستقل رکنیت پاکستان کیلئے اعزاز ہے، اقوام متحدہ کے رکن ممالک کی جانب سے پاکستان کو سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب کرنے پر شکر گزار ہیں، پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کی پاسداری پر عمل کرنے کیلئے پر عزم ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی، انتہا پسندی، اسلاموفوبیا اور عدم برداشت جیسے مسائل بڑے چیلنج کی صورت میں سامنے آئے ہیں، پاکستان دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے اور قیام امن کیلئے پرعزم ہے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا کو در پیش چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا، امید ہے کہ تمام دوست ممالک اور عالمی برادری اس ضمن میں اپنا اپنا کردار بھی جاری رکھیں گے۔وزیر خارجہ نے تقریب کے دوران شریک سفیروں کو سال نو کی مبارک باد بھی پیش کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں