اسلام آباد: وفاقی حکومت کی رائٹ سائزنگ کمیٹی کی سفارشات پر وزارت آئی ٹی نے عملدرآمد کرنا شروع کردیا ۔ دستاویز کے مطابق وزارت آئی ٹی کے ذیلی ادارے این آئی ٹی بی کو ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، رائٹ سائزنگ کمیٹی کی سفارشات پر این آئی ٹی بی کو ختم کردیا جائے گا، آئی ٹی آلات، سافٹ ویئر کی خریداری کو پروکیورنگ ایجنسی کے ذریعے انفرادی طور پر انجام دیا جائے گا۔
دستاویز میں بتایا گیا کہ وزارت آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام میں 17 عہدوں کو ختم کردیا گیا ہے، 7 اسامیوں کی شناخت کے ذریعے ڈائنگ کیڈر قرار دے کر 2026 کے بعد ان عہدوں پر کوئی نئی بھرتی نہیں کی جائے گی، ان اسامیوں کو ختم کرکے لگ بھگ 25 ملین روپے سالانہ کی بچت کو یقینی بنایا جائے گا۔
رائٹ سائزنگ کمیٹی کی دستاویز کے مطابق نیشنل ٹیلی کمیونی کیشن کارپوریشن کے ڈھانچے کو 50 فیصد کم کردیا گیا ہے، اگنائٹ کو برقرار رکھ کر تیسرے فریق کا جائزہ لیا جائے گا، پی ایس ای بی کی کارکردگی کا جائزہ لے کر تین ماہ میں رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کی جائے گی، پی ایس ای بی اور ٹی ڈی اے پی کے درمیان اوورلیپ کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
دستاویز میں کہا گیا ہے کہ وزارت نے اگنائٹ، پی ایس ای بی اور این ٹی سی کے معاملہ پر کنسلٹنٹ کی خدمات لی ہیں، پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی سے متعلق مسودہ بل کو ایک ہفتے میں سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے حتمی شکل دی جائے گی ۔
مسودہ بل کو حتمی شکل دے کر قومی اسمبلی میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا جبکہ ورچوئل یونیورسٹی کو وفاقی وزارت تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے ماتحت کردیا گیا ہے۔