لاہور: جماعت اسلامی نے بجلی کی قیمتوں کے خلاف 17 جنوری کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کر دیا۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اڑان پاکستان اور سٹاک ایکسچینج کا انڈیکس بہتر ہونے کی خوشخبری وزیر اعظم تو دے رہے ہیں لیکن پٹرول و کھانے پینے کی اشیاء کیوں کم نہ ہوئیں، معاشی حالات بد سے بدترین ہوتے چلے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کا مسئلہ جماعت اسلامی نے اٹھایا ہے، دھرنوں و احتجاج سے آئی پی پیز پانچ بند کرنے اور 18 سے بات چیت کا دعویٰ کیا ہے، آئی پی پیز بند ہونے کے باوجود بجلی کے بل کم کیوں نہیں ہو رہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ حکومت صرف اعلانات کرتی ہے بجلی کی قیمتیں کم نہیں کرتی، فیصلہ کیا ہے کہ اپنی احتجاجی تحریک کو ازسرنو شروع کریں، بجلی مہنگی ہونے پر لوگ سولر پر منتقل ہو رہے ہیں، بجلی کی پیداوار کا بحران آ رہا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ خواہش ہے کہ حکومت و پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوں، مذاکرات کے معاملے پر لوگوں کا عدم اعتماد تب ہوتا ہے جب تحریری فیصلہ کچھ اور بات چیت الگ ہو، عمران خان کو رہا ہونا چاہیے آئین و قانون کے مطابق فیصلے ہونے چاہئیں۔