اسلام آباد : اسلام آباد میں26 نمبر چونگی پر پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں کے درمیان تصادم اور پتھراؤ سے ایس ایس پی سیف سٹی سمیت متعدد اہلکار زخمی ہوگئے، ایف سی کو طلب کرلیا گیا۔
اسلام آباد کے علاقے سنگجانی کی مویشی منڈی میں تحریک انصاف کا جلسہ جاری ہے، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے مختلف علاقوں سے کارکن اب بھی جلسہ گاہ کے راستے میں ہیں ۔
شہر اقتدار کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پی ٹی آئی کو جلسے کیلئے دیا گیا وقت ختم ہوگیا، ضلعی انتظامیہ کے مطابق جلسہ منتظمین نے این او سی کے قواعد و ضوابط کےخلاف ورزی کی ہے، دیےگئے این او سی کے مطابق جلسہ7بجے تک ختم کرنا تھا۔
ضلعی انتظامیہ نے پولیس کو کارروائی کے احکامات جاری کردیے اور جلسہ منتظمین کو بھی کاروائی سےمتعلق آگاہ کردیا، ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد نے نوٹیفکیشن جاری کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ جلسہ گاہ فوری خالی کی جائے۔
دوسری جانب 26 نمبر چونگی پر جلسہ شرکا نے جاری کردہ روٹ کی خلاف ورزی کی، ذرائع کے مطابق پولیس کے روکنے پر جلسے کے شرکا نے پتھراؤ کیا، جلسے کے شرکاکے پتھراؤ سے متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوگئے، پتھراؤ سے ایس ایس پی سیف سٹی شعیب خان بھی زخمی ہو گئے۔