راجہ نوید
فیٹ ہین یا وائٹ گوز نامی پودا جنگلی پالک کی ایک قسم ہے جسے برصغیر پاک و ہند میں باتھو، بتھوا یا باتھوا کے نام سے جانا جاتا ہے۔اس کا پوداسیدھا بڑھتا ہے عموماً 10-150 سینٹی میٹر (4-59 انچ) کی اونچائی تک پہنچتا ہے، شاذ و نادر ہی 3 میٹر تک۔وسیع پیمانے پر کاشت کی وجہ سے اس کا آبائی علاقہ غیر واضح ہے۔اس کی اقسام کی قدرتی تقسیم میں مغربی یورپ سے لے کر چین اور روسی مشرق بعید، برصغیر پاک و ہند، شمالی افریقہ، ایتھوپیا، اور مشرقی اور وسطی امریکہ شامل ہیں۔اب یہ تقریباً ہر جگہ پایا جاتا ہے (انٹارکٹیکا کے علاوہ۔یہ 50 ملین بیج فی ہیکٹر تک پیدا وارکر سکتا ہے، اس کے بیج مٹی میں30 سے40 سال تک قابل عمل رہتے ہیں۔
اس کی مختف انواع کو اناج یا سبزیوں کی فصل کے طور پر کاشت کیا جاتا ہے۔ایشیااور افریقہ میں جانوروں کی خوراک کے طور پر، جبکہ یورپ اور شمالی امریکہ میں اسے عام طور پر گھاس کے طور پر شمار کیا جاتا ہے۔جبکہ ہندوستان اور پاکستان میں اس کےپتے اور ٹہنیاں پتوں کی سبزی یعنی ساگ کے طور پر کھائی جاتی ہیں جو نہ صرف لذیذ ہے بلکہ صحت سے بھی بھرپور ہے۔
تو آئیے بغیر کسی تاخیر کے باتھوا کے ان گنت فوائد کو جانتے ہیں۔
قبض کشا
جن لوگوں کو ہاضمے سے متعلق مسائل ہیں ان کے لیے باتھوا بہت مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ اس میں فائبر اور پانی کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔ جو نظام ہاضمہ کو صحت مند رکھنے میں مددگار ہے۔ اگر آپ کو قبض کا مسئلہ ہے تو اپنی غذا میں باتھوا کا ساگ ضرور شامل کریں۔ اس سے پیٹ صاف کرنے میں مدد ملے گی۔
وزن کم کرنے میں مدد گار
اس میں فائبر وافر مقدار میں موجود ہوتا ہے، اسے خوراک میں شامل کرنے سے معدہ زیادہ دیر تک بھرا رہتا ہے، جو آپ کو زیادہ کھانے سے روکتا ہے اور وزن کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ یہ ایک کم کیلوری والا کھانا بھی ہے۔ آپ اسے کئی طریقوں سے اپنی وزن کم کرنے والی غذا میں شامل کر سکتے ہیں۔
ذیابیطس میں افاقہ
بتھوا کا ساگ ذیابیطس کے مریضوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔ اس کو کھانے سے بلڈ شوگر لیول نارمل رہتا ہے۔ اگر آپ ذیابیطس کے شکار ہیں تو باتھوا کا ساگ ضرور کھائیں۔
بالوں کی صحت
بتھوا میں پروٹین وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ دیگر وٹامنز اور منرلز سے بھرپور ہوتا ہے۔ اگر آپ بال گرنے کے مسئلے سے پریشان ہیں تو اپنی خوراک میں بتھوا شامل کریں، اس سے آپ کے بالوں کی جڑیں مضبوط ہوں گی۔
قوت مدافعت میں اضافہ
باتھوا کو قوت مدافعت بڑھانے والے کے طور پر جانا جاتا ہے۔ اس میں امینو ایسڈ، فائبر اور بہت سے غذائی اجزاء ہوتے ہیں، جو قوت مدافعت بڑھانے میں مدد دیتے ہیں۔ اس سے آپ سردیوں میں کئی طرح کی بیماریوں سے بچ سکتے ہیں۔