جلسہ گاہ میں حاضری دے دی، سلام قبول کریں، گنڈا پور

لاہور: انتظامیہ کی جانب سے دیا گیا وقت ختم ہونے کے بعد پولیس اہلکاروں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا جلسہ ختم کرادیا جب کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور قافلے سمیت تاخیر سے جلسہ گاہ پہنچے اور کارکنوں سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے یہاں آکر جلسہ گاہ میں حاضری دے دی، میراسلام قبول کریں۔

جلسہ ختم ہونے کے بعد علی امین گنڈا پور جلسہ گاہ پہنچے اور وہاں موجود کارکنوں سے گفتگو کی۔علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ راستے بند ہونےکے باوجود میں جلسہ گاہ پہنچا ہوں، مجھے یہاں خطاب کرنا تھا۔وزیراعلیٰ خیبر پخونخوا کا کہنا تھا کہ میں نے یہاں آکر جلسہ گاہ میں حاضری دے دی، میراسلام قبول کریں۔علی امین گنڈا پور کارکنوں سے مختصر گفتگو کے بعد رنگ روڈ سے ہی واپس روانہ ہوگئے۔

بعد ازاں اپنے ایک ریکارڈ پیغام میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے لاہور جلسے پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ کل اپنا بیانیہ پیش کریں گے۔اپنے ویڈیوپیغام میں انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ فارم 47 والی پارلیمنٹ کی جانب سے کسی آئینی ترمیم کو نہیں مانیں گے۔

قبل ازیں لاہور کے جلسے میں قافلے کے ہمراہ شرکت کے لیے آنے والے وزیراعلی خیبر پختونخوا نے راستے میں غصے میں آکر کلاشنکوف سے ٹرک کے شیشے توڑ دیے۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا غصے میں کلاشنکوف کے بٹ مار کر ایک ٹرک کے شیشے توڑ رہے ہیں، بظاہر معلوم ہوتا ہے کہ ٹرک کنٹینر کو لے کر کھڑا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں