خیبرپختونخوا کی 34 جامعات کو سالانہ 15 ارب روپے خسارے کا سامنا

پشاور: خیبرپختونخوا کی جامعات شدید مالی مشکلات کی زد میں آگئیں، صوبے کی 34 جامعات کو سالانہ 15 ارب روپے خسارے کا سامنا ہے۔
جاری کردہ دستاویز کے مطابق سال 24-2023 میں جامعات کے اخراجات 37 ارب اور آمدن 22 ارب روپے ہوئی، آمدن اور اخراجات میں فرق کے باعث سالانہ 15 ارب روپے خسارے کا سامنا کرنا پڑا، تنخواہوں اور پنشن میں 50 فیصد اضافے سے آمدن اور خسارے میں اضافہ ہوا۔
ہائر ایجوکیشن کمیشن سے ملنے والی 9 ارب 40 کروڑ کی گرانٹ 2018 سے بند ہے، صوبائی حکومت نے گزشتہ اور رواں سال 2 ارب روپے سے زائد گرانٹ ان ایڈ جاری کئے۔دستاویز میں کہا گیا کہ صوبے کی جامعات کو 13 ارب 90 کروڑ روپے صرف تنخواہوں اور پنشن کیلئے درکار ہیں۔
محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبرپختونخوا کے مطابق صوبائی حکومت نے مزید 3 ارب روپے بطور گرانٹ جاری کرنے کی منظوری دے دی، صوبائی حکومت کی منظوری کے بعد جامعات کو 3 ارب روپے جاری کئے جائیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مالی خسارے کے باعث صوبے کی جامعات کے انتظامی اور دیگر مسائل شدت اختیار کر گئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں