اب تک تین درجن کرسیاں بھی نہیں بھرسکیں، مریم اورنگزیب

لاہور: پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا پی ٹی آئی لاہور جلسہ کے بارے میں کہنا ہے کہ خیبرپختونخواہ کے سرکاری ملازمین اور مشینری کے ہمراہ انتشاری سرکس لگانے کی کوشش جاری ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ جلسے کے لیے مقررہ وقت کا آغاز ہونے والا ہے اور اب تک تین درجن کرسیاں بھی نہیں بھر سکیں، یہ “انقلاب” اور “مقبولیت” کا عبرتناک نظارہ ہے جو سوشل میڈیا پر گزشتہ جلسے میں جعلی اور پرانی وڈیوز جاری کرکے اپنے حامیوں کے”ذہنوں” میں برپا کرنے کی ناکام کوشش کی گئی تھی، اس بار اصلی مناظر ہم جاری کر رہے ہیں تاکہ کوئی شک نہ رہے، ویلکم ٹو لاہور۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب سے تو مسترد ہوچکے ہیں، اس لیے خیبرپختونخواہ کے سرکاری ملازمین اور سرکاری مشینری کے ہمراہ انتشاری سرکس لگانے کی کوشش جاری ہے، دہشت گردی سے برسرِ پیکار صوبے کی ریسکیو کی گاڑیاں، ایمبولنسز، کرینیں خیبر پختونخواہ سے پنجاب میں صوبے میں سیاسی انتشار پھیلانے کے لیے لانا اِن کا اصل چہرہ ہے۔

اسی طرح وزیرِاطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے الزام عائد کیا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ ڈنڈا بردار فورس اور اسلحہ لے کر آ رہے ہیں، پی ٹی آئی جلسے میں اگر قانون کی خلاف ورزی کی گئی تو قانون اپنا راستہ خود بنائے گا، جلسے کیلئے خیبرپختونخواہ کے سرکاری وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں، وزیراعلیٰ کے پی ڈنڈا بردار فورس اور اسلحہ لے کر آ رہے ہیں، وزیراعلیٰ کے پی صوبے کے سرکاری ملازمین کو جلسے میں شرکت کیلئے لا رہے ہیں، اچھا ہوتا کہ عمران خان کے دونوں بیٹے بھی آج کے جلسے میں شریک ہوتے۔

دوسری طرف مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ جعلی حکومت پکڑ دھکڑ کے بہانے نہ بنائے، پی ٹی آئی ڈرنے والی جماعت نہیں، لاہور میں کل سے پولیس گردی کا سلسلہ شروع ہوا ہے، پی ٹی آئی کارکنوں کی پکڑ دھکڑ کے بہانے ڈھونڈے جارہے ہیں، کل رات کارنر میٹنگ کے انعقاد پر 20 کارکنوں کو گرفتار کیا گیا، مریم نواز اپنے اوچھے ہتھکنڈوں کی خود ذمہ دار ہوں گی، جعلی حکومت فسطائیت سے بازآجائے اور ہمیں جمہوری حق سے محروم نہ کرے، پرامن جلسے کے خواہاں ہیں جعلی حکومت بھی ماحول پرامن بنائے،ایس او پیز پر جعلی حکومت خود بھی عمل درآمد یقینی بنائے، اسلام آباد جلسے کی طرح جعلی حکومت خود ایس او پیز کی دھجیاں نہ اڑائے، پکڑدھکڑ کے بہانے نہ بنائیں پی ٹی آئی ڈرنے والی جماعت نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں