کوئٹہ: کوئٹہ سمیت بلوچستان میں بارش اور برف باری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیامحکمہ موسمیات کے آئندہ 24 گھنٹوں میں بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہے گا جبکہ پہاڑی علاقوں میں موسم صبح اور رات کے وقت شدید سرد رہے گا۔
موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2 اور قلات میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ژوب میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2 اور زیارت میں پارہ منفی 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے۔
اسی طرح سبی میں کم سے کم درجہ حرارت 7 اور تربت میں 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، نوکنڈی میں کم سے کم درجہ حرارت 6 اور چمن میں 1 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ گوادر میں کم سے کم درجہ حرارت 10 اور جیوانی میں 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
دوسری جانب سردی میں اضافے کے ساتھ ہی کوئٹہ کے بیشتر علاقوں میں گیس پریشر میں بھی کمی کا مسئلہ شروع ہو گیا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔