اماراتی کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام جاری انٹرنیشنل لیگ ( آئی ایل ) ٹی 20 میں قومی کرکٹر فخر زمان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت ان کی ٹیم ڈیزرٹ وائپرز نے ایم آئی امارات کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔
جمعرات کے روز انٹرنیشنل لیگ کے اہم میچ میں ڈیزرٹ وائپرز اور ایم آئی امارات کی ٹیمیں دبئی میں مدقابل تھیں جہاں ایم آئی امارات نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔
جواب میں ڈیزرٹ وائپرز نے مطلوبہ ہدف 19.1 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے میچ میں کامیابی سمیٹ لی۔
ڈیزرٹ وائپرز کی جانب سے فخر زمان نے شاندار 67 رنز کی اننگ کھیل کر اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
فخر زمان نے 52 گیندوں پر 67 رنز کی اننگ کھیلی جس میں 5 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔
میچ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر فخر زمان پلیئر آف دی میچ بھی قرار پائے۔