الجزائر:شیخ ولید محساس کی ایک ویڈیو گزشتہ سال ماہ رمضان میں ایک بلی کی وجہ سے انٹرنیٹ پر وائرل ہو گئی تھی جب ایک بلی کی تراویح نماز میں قرات کرتے قاری صاحب پر بے ساختہ چھلانگ اور اس پر امام کے مشفقانہ رویے پر مبنی چند لمحوں کی عکس بندی نے انہیں پوری دنیا میںشہرت کے ساتویں آسمان پر پہنچا دیا۔ ان کے حوالے سے ایک افسوس ناک خبر آج کل انٹرنیٹ پر ایک بار پھر وائرل ہے جس کے مطابق شیخ ولید محساس قضائے الہٰی سے وفات پا گئے ہیں۔
تاہم ان کے مداحوں کے لیے یہ خوش خبری ہے کہ یہ خبر درست نہیں ،ذرائع کے مطابق امام شیخ ولید محساس زندہ سلامت اور خیریت سے ہیں۔مصر سے تعلق رکھنے والے ایک اور امام شیخ عبداللہ کامل کے انتقال کی وجہ سے کچھ الجھن پیدا ہوئی جس کی وجہ سے امام محساس کے بارے میں غلط خبریں آئیں۔ تاہم، ان اطلاعات کی وضاحت کی گئی ہے، جس سے تصدیق کی گئی ہے کہ امام محساس خیریت سے ہیں۔
واضح رہے کہ شیخ مشرقی الجزائر کی ریاست برج بوعریریج ٹاور کے علاقے میں ابی بکر الصادق مسجد کے امام ہیںاورحسن قرات کے حوالے سے عمدہ شہرت رکھتے ہیں۔شیخ ولید محساس روایت ورش عن عاصم عن طریق الاصبھانی اور لہجہ شیخ یاسر الدوسری میں تروایح پڑھاتے ہیں۔