لاہور: پنجاب سمیت ملک کے مختلف شہر دھند کی لپیٹ میں آگئے، حد نگاہ کم ہونے پر موٹر ویز متعدد مقامات سے بند کر دی گئی۔ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق دھند کے باعث موٹر وے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن، موٹر وے ایم 3 سمندری سے درخانہ جبکہ ایم 4 گوجرہ سے ملتان تک ٹریفک کیلئے بند کی گئی ہے، موٹر وے ایم 5 پر ملتان سے روہڑی تک ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہے۔اس کے علاوہ قومی شاہراہوں پر بھی حد نگاہ کم ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے جس سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ ڈرائیور حضرات اپنی گاڑیوں میں آگے اور پیچھے دھند والی فوگ لائٹس کا استعمال کریں تاکہ دیگر گاڑیوں کو بہتر طور پر دیکھا جا سکے، غیر ضروری سفر سے گریز، تیز رفتاری سے پرہیز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں۔دوسری جانب ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد ہے، پہاڑی علاقوں میں شدید سردی رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، مری اور گلیات میں بارش و برف باری کا امکان ہے، اس کے علاوہ اسلام آباد، پشاور، چارسدہ، چترال، دیر، سوات، کرک اور کوہاٹ میں بھی بادل برسیں گے۔
موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ زیارت، چمن، پشین، نوشکی، قلات اور دیگر علاقوں میں بارش متوقع ہے۔