پاکستان اور سعودیہ امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے مل کر کام کریں گے ،صدر مملکت آصف علی زرداری

اسلام آباد صدر مملکت آصف علی زرداری نے سعودی عرب کے ساتھ معیشت، تجارت، دفاع، ثقافت، تعلیم اور عوامی رابطوں کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک اپنی قوموں کی ترقی، امت مسلمہ کے اتحاد سمیت خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کے فروغ کے لیے مل کر کام کریں گے۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار پیر کو یہاں سعودی عرب کے 94 ویں قومی دن کے موقع پر مقامی ہوٹل میں سعودی سفارتخانے کی جانب سے منعقدہ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب میں آزاد جموں وکشمیر کے وزیراعظم، پنجاب، خیر پختونخوا اور سندھ کے گورنرز اور وزیر اعلی پنجاب کے علاوہ وفاقی وزراء، پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی، غیر ملکی سفارتکاروں، سعودی شہریوں، معززین اور اعلیٰ سول و فوجی افسران نے شرکت کی۔ صدر مملکت نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ولی عہد وزیر اعظم محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور سعودی عرب کے عوام کو قومی دن کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ دونوں برادر ممالک مختلف شعبوں میں بہترین تعلقات کے حامل ہیں اور انہوں نے مشکل وقت میں ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن اورسعودی عرب کی ترقی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ولی عہد کے جرات مندانہ اقدامات سعودی عرب کو مزید ترقی اور خوشحالی کی طرف گامزن کریں گے۔ صدر مملکت نے تبدیلی کے سفر میں سعودی عرب کی کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ صدر نے سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کی مسلسل حمایت اور تقریباً 27 لاکھ پاکستانیوں کی میزبانی پر شکریہ ادا کیا جو مملکت سعودی عرب کی سماجی اور اقتصادی ترقی میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات آنے والے سالوں میں مزید مستحکم ہونگے۔
صدر مملکت نے کہا کہ دونوں ممالک اپنی قوموں کی ترقی، امت مسلمہ کے اتحاد اور خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کے فروغ کے لیے مل کر کام کریں گے۔ قبل ازیں تقریب کا آغاز پاکستان اور سعودی عرب کے قومی ترانوں کی دھنوں سے ہوا۔ اس موقع پر صدر مملکت نے سعودی عرب کے سفیر اور دیگر مہمانوں کے ہمراہ سعودی عرب کی 94 ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔ تقریب میں صدر مملکت نے پیرس اولمپکسکس کے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو غلاف کعبہ تحفے کے طور پر پیش کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں