سر میں اگر بہت زیادہ خارش ہوتی ہے تو اس کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں۔الرجی‘ غیر صحت مند و غیر متوازن غذا‘ ذہنی دباؤ‘ سگریٹ نوشی‘ الکحل کا بے دریغ استعمال‘ ایئر کنڈیشن والا ماحول‘ بہت زیادہ گرمی اور آلودگی وغیرہ قابلِ ذکر عمومی وجوہات ہیں۔سر کی صحت مند جلد کے لئے متوازن و صحت بخش غذا کا استعمال بہت ضروری ہے جو کم چکنائی پر مشتمل ہو‘ شکر بھی کم ہو اور جسم کو نمی پہنچانے والے اجزاء جسم میں بھرپور مقدار میں شامل ہوں۔
جسم کو نمی پہنچانے والے پھلوں اور سبزیوں میں تربوز‘ سیب‘ بروکلی‘ پھول گوبھی‘ بند گوبھی‘ کھیرا‘ گاجر‘ سلاد پتہ اور شملہ مرچیں شامل ہیں۔اس کے علاوہ سر کی جلد کو غذائیت و طاقت فراہم کرنے والی دیگر غذاؤں میں اومیگا 3 فیٹی ایسڈ اور اومیگا 6 فیٹی ایسڈ (Essential Fatty Acids ERA) شامل ہیں جو کہ سالمن‘ ٹونا مچھلی سبزیوں‘ پھولوں اور پھلوں کے بیجوں میں پائے جاتے ہیں روزانہ کم از کم 1 لیٹر پانی پینے کی کوشش کریں۔
قدرتی چکنی غذائیں جیسے کہ زیتون کا تیل‘ ایواکاڈو یا کیلا بھی اگر سر کی جلد پر لگایا جائے تو یہ سر کی جلد کو غذائیت و رونق بخشتے ہیں۔
جوجوبا آئل یا روغن بادام بھی سر کی جلد کو نمی اور غذائیت فراہم کرتے ہیں۔یہ بھی بہت ضروری ہے کہ آپ اپنے بالوں اور سر کی جلد کو سورج کی تیز شعاعوں سے بچائیں۔تیز دھوپ میں باہر نکلتے وقت ٹوپی (Hat) یا اسکارف ضرور پہنیں۔اپنے بالوں کی مانگ کے درمیان میں سر کی جلد پر سن اسکرین لوشن ضرور لگائیں اور بالوں کے لئے تیار کی جانے والی ایسی مصنوعات کا استعمال کریں جن میں سن اسکرین شامل ہو۔