بالی ووڈ کے اداکار وکی کوشل کی آنے والی ڈرامہ فلم چھاوا کا پوسٹر جاری کردیا گیا ، فلم 14فروری کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔بھارتی میڈیا کے مطابق فلم چھترپتی سمبھاجی مہاراج کی زندگی پر مبنی ہے جن کا راجیہ ابھیشیک (تخت نشینی)16جنوری 1681ء کو ہوا تھا، فلم کے پوسٹر نے مداحوں کی توجہ حاصل کی ہے ، مداحوں کو اس کی ریلیز کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔
میکرز کی جانب سے انسٹاگرام پر شیئر کئے گئے پوسٹر کے کیپشن میں لکھا ہے کہ 16جنوری 1681ء کو چھترپتی سمبھاجی مہاراج کی تخت نشینی نے ایک عظیم وراثت کا آغاز کیا، 344سال بعد ہم ان کی جرات اور عظمت کی کہانی کو زندگی میں لاتے ہیں۔ فلم کا ٹریلر 22 جنوری 2025 کو ریلیز ہوگا۔ فلم میں وکی کوشل چھترپتی سمبھاجی مہاراج کا کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ رشمیکا مندنا اور اکشے کھنہ ان کے ہمراہ اہم کرداروں میں شامل ہیں، لکشمن اوتیکر کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم کو میڈوک فلمز نے پروڈیوس کیا ہے۔