نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ مکمل فعال، پہلی کمرشل پرواز لینڈ کر گئی

گوادر: پاک چین لازوال دوستی کا شاہکار، نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ مکمل طور پر فعال ہوگیا، کراچی سے پی آئی اے کی پہلی کمرشل پرواز گوادر ایئرپورٹ پر لینڈ کر گئیکراچی سے پی کے 503 نیوگوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی، افتتاحی پرواز کا رن وے پر واٹر کینن سلیوٹ کے ساتھ شاندار استقبال کیا گیا۔وزیر دفاع و ہوا بازی خواجہ محمد آصف، گورنر شیخ جعفر خان مندوخیل اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور اعلیٰ حکام نے پہلی کمرشل پرواز کا استقبال کیا اور مسافروں کو پھول پیش کئے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق کراچی سے پی آئی اے کی پہلی کمرشل پرواز 46 مسافروں کو لے کر گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی جس نے صبح 9 بج کر 50 منٹ پر کراچی سے اڑان بھری اور 11 بج کر 15 منٹ پر گوادر میں لینڈ کیا۔
رپورٹ کے مطابق نیو گوادر ایئرپورٹ کا 3.6 کلومیٹر طویل رن وے بڑے طیاروں کیلئے موزوں ہے، نیو گوادر ایئرپورٹ پر ایئر بس اور بوئنگ طیارے لینڈ کر سکیں گے، 430 ایکڑ پر مشتمل گوادر ایئرپورٹ رقبے کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا ایئرپورٹ ہے۔
نیو گوادر ایئرپورٹ سی پیک کا فلیگ شپ منصوبہ ہے، ایئرپورٹ پر جدید سکیورٹی اور مسافروں کو سہولتیں دستیاب ہوں گی۔نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ہوا بازی خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ آج ہم سب انتہائی فخر اور شکرگزاری کے ساتھ یہاں جمع ہیں، ہم آج عظیم الشان کامیابی کا جشن منا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک کے بانیوں نے اس جدید ہوائی اڈے کے قیام کو ترجیح دی، سی پیک میں شمولیت کے بعد گوادر ترقی کی راہ پر گامزن ہے، ہمیں چینی حکومت کا شکر ادا کرنا چاہیے، نیوگوادر ہوائی اڈا بلوچستان اور پورے ملک کو فائدہ دینے کیلئے تیار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نیو گوادر ہوائی اڈے سے بلوچستان اور پورے پاکستان کیلئے اقتصادی ترقی اور خوشحالی میسر ہوگی، نیو گوادر ہوئی اڈا بلوچستان کیلئے نئے دور کی خوشحالی کا نشان ہے، یہ نیا انفراسٹرکچر تجارت اور سیاحت کو بڑھانے میں مدد فراہم کرے گا، جدید ہوائی اڈے کی وجہ سے ملازمتیں پیدا ہوں گی اور مقامی کاروبار کو فروغ ملے گا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ جدید ہوائی اڈے سے یہاں کے رہائشیوں کا معیار زندگی بھی بہتر ہوگا، نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی موجودگی سرمایہ کاروں کو یہاں راغب کرے گی، اقتصادی سرگرمیوں اور ثقافتی تبادلے کو فروغ ملے گا۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ ہمیں مستقبل کی طرف خوشدلی اور عزم کے ساتھ دیکھنا چاہیے، نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ ایک اختتام نہیں بلکہ آغاز ہے، عظیم کامیابیوں کی بنیاد ملکی صلاحیتوں کا نشان ہے، اتحاد اور تعاون کے ذریعے سب کچھ حاصل کر سکتے ہیں، شاندار منصوبے میں حصہ لینے والے تمام افراد کی کاوشوں کی تعریف کرتا ہوں۔
اس موقع پر ڈی جی ایئرپورٹس ایئر وائس مارشل ذیشان سعید کا کہنا تھا کہ نیوگوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ مکمل فعال ہونا اہم سنگ میل ہے، ایئرپورٹ کے فعال ہونے پر چین کے مشکور ہیں۔
ایئر وائس مارشل ذیشان سعید نے کہا کہ گوادر ایک معاشی حب کے طور پر ابھر رہا ہے، گوادر علاقائی روابط کے فروغ میں اہم کردارادا کرے گا، نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ منصوبے کو قلیل مدت میں مکمل کیا گیا۔
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تکمیل میں اہم کردار ادا کرنے والے افراد میں سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کئے، اس موقع پر گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تکمیل کے حوالے سے دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں