چلی میں دعا لیپا کے پرستار ان کے بیڈ روم تک پہنچ گئے، گلوکارہ پریشان

البانوی نژاد برطانوی گلوکارہ و گیت نگار دعا لیپا اس وقت حیران و پریشان ہوگئیں جب چلی میں ان کے ہوٹل میں پرستار داخل ہوگئے اور اطلاعات کے مطابق ان کے بیڈ روم تک پہنچ گئے تاکہ گلوکارہ کے باہر آنے پر ان کے ساتھ تصاویر بنائی جاسکے۔

واضح رہے کہ 30 سالہ گلوکارہ ان دنوں جنوبی امریکا کے ملک چلی میں ہیں جہاں وہ ایک کمرشل کی شوٹ کےلیے موجود ہیں۔

ایک برطانوی اخبار کے مطابق لوگ ان کی ایک جھلک دیکھنے کےلیے ان کے لگژری ہوٹل کے کمرے کے باہر جمع ہوگئے، جنھیں وہاں دیکھ کر وہ حیران رہ گئیں۔

گو کہ اس دوران انھیں کوئی نقصان تو نہیں پہنچا لیکن سیکیورٹی کی اس خلاف ورزی سے وہ خوفزدہ ہوگئیں۔

جب حکام نے سیکیورٹی میں اضافہ کیا تو پتہ چلا کہ مزید پرستار لفٹ کے قریب بھی ان کے منتظر تھے، جس پر دعا نے کہا کہ وہ ہوٹل کے اندر تصاویر نہیں بنوائیں گی۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ دعا کو ایسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا، ایک برس قبل بھی جب وہ گلاسٹونبری کےلیے برمنگھم میں ریہرسیل کر رہی تھیں تب بھی ایک پرستار وہاں زبردستی پہنچ گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں