اسلام آباد: گورنر اسٹیٹ بینک محمد جمیل نے کہا ہے کہ رواں مالی سال مہنگائی کی شرح 11.5فیصد رہنے کا امکان ہے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ صفر سے ایک فیصد رہنے کی توقع ہے۔ میڈیا کے مطابق گورنر اسٹیٹ بینک محمد جمیل نے کہا کہ آئی ایم ایف قرض پروگرام کیلئے حکومت نے سخت معاشی پالیسیاں اپنائیں، توقع ہے کہ پہلی قسط ایک ارب ڈالر سے زائد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال مہنگائی کی شرح 11.5فیصد رہنے کا امکان ہے، رواں مالی سال معاشی ترقی کی شرح 2.5 فیصد سے 3.5فیصد رہنے کا امکان ہے۔ رواں مالی سال کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ صفر سے ایک فیصد رہنے کا امکان ہے۔ یاد رہے آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کے حوالے سے پاکستان کی معیشت کیلئے بڑی خوشخبری آگئی ہے، آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کیلئے 7 ارب ڈالر کے بیل آؤٹ پیکج کی منظوری دے دی ہے۔
آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کیلئے قرض پروگرام منظور کرلیا ہے، پاکستان کیلئے آئی ایم ایف قرض پروگرام کی مدت 37 ماہ ہوگی، آئی ایم ایف قرض پروگرام کی پہلی قسط 30 ستمبر تک پاکستان کو ملے گی۔ آئی ایم ایف قرض کی منظوری سے پاکستان پر بیرونی ادائیگیوں کا دباؤ ختم ہوگیا ہے۔ مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف سے 7 ارب ڈالر کے پیکیج کی منظوری پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ کے فضل و کرم سے معاشی اصلاحات کا نفاذ تیزی سے جاری ہے ، پاکستان کے معاشی استحکام کے بعد معاشی ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے یونہی محنت جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری میں اضافہ خوش آئند اور معاشی ٹیم کی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔