بھارتی ریاست کرناٹکا کے دارالحکومت بنگلورو کی کمپنی ’ویک فٹ‘ ہر سال کی طرح رواں برس بھی ’سلیپ انٹرنشپ‘ کے لیے دنیا بھر کے نیند کے خواہش مند افراد سے درخواستیں طلب کرلیں۔
’ویک فٹ‘ نامی کمپنی بستر، صوفے، گدے، کچن اور دیگر گھریلو و دفتری سامان تیار کرتی ہے، یہ کمپنی ہر سال نیند ’سلیپ انٹرنشپ‘ کا اعلان بھی کرتی ہے۔
رواں برس کمپنی نے ’سلیپ انٹرنشپ‘ کے چوتھے سیزن کا اعلان کیا ہے اور کمپنی 2020 سے لے کر ہر سال انٹرنشپ کا اعلان کرتی آ رہی ہے۔انٹرنشپ کے لیے درخواست دینے والے امیدوار کے لیے لازمی ہے کہ اس کی عمر 18 برس سے زائد ہو اور جتنا زیادہ تعلیم یافتہ ہوگا، ان کے منتخب ہونے کے امکانات اتنے زیادہ ہوں گے۔
عام طور پر انٹرنشپ کے لیے دنیا کے کسی بھی ملک کا شہری آن لائن درخواست دے سکتا ہے لیکن عام طور پر کمپنی مقامی یعنی بھارتی افراد کو ہی انٹرنشپ کے لیے منتخب کرتی ہے۔تاہم کمپنی کا دوسرا انتخاب پڑوسی ممالک کے شہری ہوسکتے ہیں، جنہیں بھارتی ویزا آسانی سے مل سکتا ہو۔
انٹرنشپ کا دورانیہ دو ماہ تک ہے اور انٹرنشپ کے دوران ہر امیدوار کو ماہانہ ایک لاکھ روپے تک معاوضہ ادا کیا جائے گا، تاہم انٹرنشپ کے دوران اچھی نیند کرنے والے افراد کو مختلف انعامات بھی دیے جاتے ہیں۔سلیپ انٹرنشپ کے دوران اچھی نیند کرنے والوں کو کیٹیگریز ایوارڈز بھی دیے جاتے ہیں اور سلیپ چیمپیئن کو 10 لاکھ روپے کا انعام دیا جاتا ہے۔
کمپنی کو گزشتہ برس یعنی سلیپ انٹرنشپ کے تیسرے سیزن کے لیے 12 لاکھ درخواستیں موصول ہوئی تھیں، جس میں سے کمپنی نے 51 امیدواروں کا انتخاب کیا تھا۔سلیپ انٹرنشپ کے فائنل میں ایک ہی امیدوار ایسا ہوتا ہے جس کو 10 لاکھ روپے کا ایوارڈ دیا جاتا ہے، عمومی طور پر باقی امیدواروں کو ان کا ماہانہ معاوضہ دیا جاتا ہے۔