نامعلوم پیغامات سے تنگ صارفین کیلئے خوشخبری

کیلیفورنیا: متعدد صارفین واٹس ایپ پر نامعلوم نمبروں سے آنے والے پیغامات سے پریشان رہتے ہیں، مگر اب میٹا کی زیرملکیت میسجنگ ایپ میں اس کا حل پیش کیا جارہا ہے۔واٹس ایپ کے بیٹا (beta) ورژن میں ایک نیا فیچر متعارف کرایا گیا ہے جو نامعلوم اکنٹس سے آنے والے میسجز کو بلاک کر دیتا ہے۔
بیٹا صارفین واٹس ایپ سیٹنگز میں پرائیویسی سیکشن میں جائیں اور وہاں ایڈوانسڈ پر کلک کرکے بلاک میسجز فرام ان نون اکاونٹس آپشن کو ان ایبل کردیں۔ایسا کرنے کے بعد وہ تمام میسجز خودکار طورپر بلاک ہو جائیں گے جو نامعلوم اکاونٹس کی جانب سے بھیجے جائیں گے، مگر یہ فیچر اجنبی افراد کے تمام میسجز کو بلاک نہیں کرے گا بلکہ اسے اسپام میسجز کی روک تھام کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔کمپنی کے مطابق یہ نیا فیچر ایک عارضی ڈھال کے طور پر کام کرے گا، خاص طور پر اس وقت جب صارفین کو اجنبی افراد کی جانب سے بہت زیادہ میسجز موصول ہورہے ہوں۔
ایک بار جب میسجز کا سیلاب تھم جائے گا تو پھر یہ سیٹنگ ان میسجز کو بلاک نہیں کرے گی، یعنی فی الحال اسے اسپام پیغامات کو روکنے کا موثر ترین ذریعہ قرار دینا درست نہیں ہوگا مگر توقع ہے کہ مستقبل میں اسے مزید بہتر بنایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں