وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی لشکرکشی کی دھمکی 9 مئی دہرانے کا اعلان ہے، عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا گولی چلانے اور لاشیں گرانے کا بیان ان کی اپنی ناکامی کا اعتراف ہے کہ وہ خیبر پختونخوا حکومت چلانے کے قابل نہیں، اسلام آباد اور پنجاب پر لشکرکشی کی دھمکی 9 مئی دوہرانے کا اعلان ہے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے گولی چلانے کے بیان پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا گالی سے اب گولی پر آگئے ہیں، اس سے وہ اپنا نقصان کریں گے، کسی اور کا نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کا کوئی بیان، کوئی اقدام اور کوئی رویہ جمہوری، سیاسی اور پارلیمانی نہیں، انہوں نے کبھی نہیں کہا کہ ہم تعلیم، صحت، روزگار، معاشی بہتری کے میدانوں میں مقابلہ کریں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ انقلاب لانا ہے تو صحت، تعلیم اور عوام کی فلاح بہبود کے منصوبوں کا انقلاب لائیں، کے پی میں کرپشن اور نا اہلی کی انتہا ہو چکی ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ اصل مقابلہ یہ تھا کہ وفاق اور پنجاب کی طرح بجلی کے صارفین کو خیبرپختونخوا حکومت اپنے صوبے میں کوئی ریلیف دیتی، اصل مقابلہ یہ تھا کہ ہسپتال، درس گاہوں کی تعمیر سے عوام کی خدمت کا کوئی ریکارڈ بناتے۔انہوں نے کہا کہ صدر شی جن پنگ کے دورے کو دھرنوں سے ناکام بنانے والے اب ایس سی او کے اجلاس کے موقع پر پھر فساد مچانا چاہتے ہیں۔

عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان کو ڈیفالٹ کے کنارے پہنچانے والی پی ٹی آئی کو تکلیف ہے کہ پاکستان معاشی بحالی کی راہ پر کیوں چل پڑا ہے، عوام کو تیز ترین مہنگائی سے تکلیف دینے والوں کو تکلیف ہے کہ مہنگائی 32 فیصد سے 9.6 فیصد پر کیوں آگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ گالی، گولی اور بندوق سے مہنگائی کم ہوگی نہ بے روزگاری، 11 سال سے خیبرپختونخوا پی ٹی آئی کی لوٹ مار کا اڈہ بنا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف نے فلسطینی عوام کی حمایت کی اور اسرائیل کو للکارا، پاکستان میں اسرائیلی ایجنٹوں کو اس پر تکلیف ہوگئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں