پینتھرز نے چیمپئنز ون ڈے کپ 2024 کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا

فیصل آباد: پینتھرز نے مارخورز کو 5 وکٹوں سے شکست دیکر چیمپئنز ون ڈے کپ 2024 کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
چیمپئنز ون ڈے کپ کے فائنل میں پینتھرز نے مارخورز کی جانب سے ملنے والا 123 رنز کا ہدف 18 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر با آسانی حاصل کرلیا۔

پینتھرز کی جانب سے عبدالبنگلزئی 41 رنز کیساتھ نمایاں رہے، عمر صدیق نے 19، ساجد خان نے 15، عثمان خان نے 13، رضوان محمود نے 16 جبکہ شاداب خان نے 14 رنز بنائے۔قبل ازیں فیصل آباد کے اقبال سٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میچ میں مارخورز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مارخورز کی بیٹنگ لائن بری طرح فلاپ ہوگئی۔

مارخورز کی پوری ٹیم 33.4 اوورز میں 122 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، فخر زمان 46 رنز کیساتھ نمایاں رہے، حسیب اللہ خان 27 اور بسم اللہ خان 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ دیگر کوئی کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکا۔پینتھرز کی جانب سے محمد حسنین اور عرفان منہاس نے 3،3، ساجد خان نے 2 جبکہ علی رضا اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) محسن نقوی نے فاتح ٹیم کو ٹرافی دی، پینتھرز کی ٹیم کو وننگ ٹرافی کیساتھ 3 کروڑ روپے کی انعامی رقم بھی ملی۔
اس موقع پر کپتان پینتھرز ٹیم شاداب خان نے شائقین کی جانب سے بھرپور سپورٹ پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے پورا ٹورنامنٹ اچھا کھیلا، مجھے یقین تھا کہ ہم ٹورنامنٹ جیتیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں