عالمی و مقامی مارکیٹوں میں جمعے کے کاروباری روز سونے کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
گزشتہ سیشن میں کمی کے بعد جمعے کو پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جبکہ عالمی مارکیٹ میں بھی نرخ بڑھے ہیں۔ مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت 1800 روپے اضافے سے 2 لاکھ 76 ہزار 200 روپے ہوگئی۔آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز صرافہ ایسوسی ایشن (اے پی جی جے ایس اے) کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت 1543 روپے اضافے کے بعد 2 لاکھ 36 ہزار 797 روپے ہوگئی۔
جمعرات کو سونے کی فی تولہ قیمت 1100 روپے کمی سے 2 لاکھ 74 ہزار 400 روپے ہوگئی تھی۔دریں اثنا جمعہ کے روز سونے کی بین الاقوامی قیمت میں اضافہ ہوا۔ اے پی جی جے ایس اے کے مطابق فی اونس سونے کی قیمت 18 ڈالر بڑھنے کے بعد 2،660 ڈالر ہوگئی ہے۔
چاندی کی فی تولہ قیمت 3 ہزار 500 روپے پر مستحکم رہی۔گزشتہ ہفتے پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت 2 لاکھ 77 ہزار روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔
بین الاقوامی سطح پر جمعہ کے روز سونے کی قیمتوں میں استحکام رہا لیکن ہفتہ وار بنیادوں پر کمی دیکھی گئی کیونکہ مارکیٹ کا توجہ ایک اہم امریکی روزگار کی رپورٹ کی طرف منتقل ہو گئی ہے جس سے فیڈرل ریزرو کی متوقع سود کی شرح میں کمی کے بارے میں رہنمائی ملے گی۔عالمی وقت کے مطابق 12 بجکر 34 منٹ پر اسپاٹ گولڈ کی قیمت 2,657.13 ڈالر فی اونس پر مستحکم رہی۔ مسلسل تین ہفتے وار اضافے کے بعد بلین ہفتہ وار گراوٹ کی راہ پر گامزن ہے۔
امریکی گولڈ فیوچزر 0.1 فیصد کمی کے ساتھ 2,676.70 ڈالر رہے۔بلین کو سیاسی اور مالی غیر یقینی صورتحال کے دور میں ایک محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے۔