اچھی صحت کے لئے غذائیت کو سمجھنا ضروری ہے

اگر آپ اپنی صحت کو بہتر بنانا چاہتی ہیں تو اس کیلئے ضروری ہے کہ آپ اپنے کھانے پینے کا خاص خیال رکھیں۔صحت مند کھانا نہ صرف آپ کا وزن برقرار رکھنے میں مدد کرتا ہے بلکہ آپ کو کئی بیماریوں سے بھی بچاتا ہے۔آپ نے دیکھا ہو گا کہ کچھ خواتین اکثر بیمار رہتی ہیں جبکہ کچھ خواتین زیادہ تر ہشاش بشاش نظر آتی ہیں۔
اس کی وجہ ہماری کھانے پینے کی عادت ہوتی ہے۔
پروسیسڈ فوڈ ترک کر دیں
سب سے پہلی چیز، پروسیسڈ فوڈ کی جگہ ہول فوڈ (وہ کھانا جو کسی کیمیکل یا مصنوعی طریقے سے تیار نہ کیا گیا ہو) کو ترجیح دیں۔پروسیسڈ فوڈ کے برعکس ایسی اشیاء کھانے کی کوشش کریں جن میں ضروری اجزاء جیسے پروٹین، فائبر، نشاستہ اور صحت مند چربی موجود ہوں۔
پیکٹ میں بند اور پروسیس شدہ کھانوں کے بجائے تازہ پھل اور سبزیاں کھانے کی کوشش کریں۔
مشروبات کی جگہ پانی پئیں
بازار میں دستیاب مشروبات آپ کی صحت کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ان میٹھے مشروبات کے بجائے مناسب مقدار میں پانی پئیں۔اس سے نہ صرف آپ اپنی صحت میں تبدیلی محسوس کریں گی بلکہ آپ کی جلد اور دماغی صحت میں بھی بہتری آئے گی۔
آپ قدرتی مشروبات کو بھی ترجیح دے سکتی ہیں۔
سلاد کھانا فائدہ مند
جب آپ صحت مند کھانے کا سوچتی ہیں تو سلاد بہترین متبادل ہو سکتا ہے۔اپنے کھانے میں ہری سبزیاں یا سلاد شامل کرنے کی کوشش کریں۔سلاد کھانے سے پیٹ بھرا رہے گا اور بھوک محسوس نہیں ہو گی۔ان میں صحت مند اور غذائیت سے بھرپور تمام اجزاء شامل ہوتے ہیں جس کی ہمارے جسم کو ضرورت ہوتی ہے۔

مچھلی زیادہ کھائیں
صحت مند کھانوں کی طرف قدم بڑھانے کیلئے مچھلی کا گوشت بہترین ہے۔یہ فیٹی ایسڈ اور اومیگا تھری سے بھرپور ہوتا ہے جو آپ کے دماغ اور دل کی صحت کیلئے انتہائی مفید ہیں۔
تیل کا کم سے کم استعمال
اعتدال کے ساتھ اچھے فیٹس صحت مند زندگی اور متوازن غذا کا لازمی حصہ ہیں۔ہم اپنی روزمرہ غذا میں تیل کی زیادہ مقدار کھانے کے عادی ہیں جو کہیں نہ کہیں ہماری صحت کو نقصان پہنچا رہا ہوتا ہے۔
لہٰذا یہ ضروری ہے کہ اپنے تیل استعمال کرنے کے لیول کو جانچیں اورصحت مند متبادل کا انتخاب کریں۔
چینی کے استعمال میں محتاط رہیں
ضرورت سے زیادہ چینی کا استعمال آپ کے میٹابولزم کو خراب کرتا ہے۔درحقیقت چینی کے نتیجے میں آپ کے جسم کو ایسی کیلوریز ملتی ہیں، جس کے غذائی فوائد نہیں ہوتے۔اس کے علاوہ چینی کا زیادہ استعمال وزن بڑھا سکتا ہے۔
چینی کو مکمل طور پر چھوڑ دینا تو یقینا ممکن نہیں، لیکن اسے محدود ضرور کر دینا چاہئے۔کاربونیٹڈ ڈرنکس سے دوری اختیار کریں اور مٹھائی یا چاکلیٹ کے بجائے پھلوں کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں۔
باہر کھانا کھائیں مگر احتیاط ضروری
جب بھی باہر کھانے کا سوچیں تو صحت مند کھانا پسند کریں اور وہی کھائیں۔ایسے کھانوں کا انتخاب کریں جو مفید فیٹس اور پروٹینز سے بھرپور ہوں۔
گو کہ کبھی کبھی اپنی خواہش کے مطابق کھا لینا بھی ٹھیک ہے مگر پھر بھی اس بات کو یقینی بنائیں کہ جب بھی باہر کھانا کھائیں تو جتنا ممکن ہو سکے ہلکے پھلکے پکوان کو ہی ترجیح دیں۔
خود کو بھوکا نہ رکھیں
صحت مند کھانے سے مراد خود کو بھوکا رکھنا یا کم کھانا نہیں ہے۔اس کا مطلب صرف صحتمندانہ متبادل کا انتخاب کرنا ہے جن میں غذائی اجزاء اور مفید کاربوہائیڈریٹس وافر مقدار میں پائے جاتے ہوں۔
اپنے کھانوں کی منصوبہ بندی کریں اور اس پر سختی سے عمل کرنے کی کوشش کریں۔لنچ یا ڈنر ضرور کریں کیونکہ ان کو چھوڑنا کبھی بھی آپ کی صحت اور جسم کیلئے اچھا نہیں۔ان ساری باتوں پر عمل کریں اور اس کے علاوہ روزانہ کم از کم 30 منٹ ہلکی پھلکی ورزش کریں۔نیز 8 گھنٹہ سوئیں تاکہ آپ ہمیشہ ہشاش بشاش رہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں