گڈ ہائی کولیسٹرول سے ’گلوکوما‘ ہونے کا انکشاف

برطانیہ میں کی جانے والی طویل تحقیق سے انکشاف ہوا ہے کہ جن افراد میں اچھے کولیسٹرول کی سطح زیادہ ہوتی ہے، ان میں آنکھوں کی خطرناک بیماری ’گلوکوما‘ ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔

تحقیق کے مطابق عمومی طور پر 55 سال یا اس سے زائد العمر افراد کا اچھا کولیسٹرول ہائی ڈینسٹی لیپو پروٹین یا ’ایچ ڈی ایل‘ مسلسل بڑھا ہوا رہتا ہے، ان میں آنکھوں کی بیماری ’گلوکوما‘ ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔

طبی جریدے میں شائع تحقیق کے مطابق ماہرین نے 4 لاکھ سے زائد افراد کے طبی ڈیٹا کا جائزہ لینے سمیت ان سے مختلف سوالات کیے جب کہ بعد میں ان کے بلڈ ٹیسٹس بھی کیے۔

ماہرین نے 14 سال بعد پایا کہ مجموعی طور پر 6 ہزار سے زائد افراد یا دو فیصد افراد میں ’گلوکوما‘ کی بیماری شروع ہو چکی تھی۔

ماہرین نے پایا کہ جن افراد میں ’گلوکوما‘ نہیں ہوا تھا، ان کا خراب کولیسٹرول لو ڈینسٹی لیپوپروٹین ’ایل ڈی ایل‘ زیادہ ہونے سمیت ان میں ہائی بلڈ پریشر اور شوگر کے مسائل بھی تھے۔

ماہرین نے دیکھا کہ حیران کن طور پر جن افراد میں ’گلوکوما‘ کی بیماری شروع ہوچکی تھی، ان کا اچھا کولیسٹرول ’ایچ ڈی ایل‘ بڑھا ہوا تھا۔

ماہرین نے یہ بھی نوٹ کیا کہ ’گلوکوما‘ کے شکار ہونے والے افراد کی عمر 55 سال یا اس سے زائد تھی، اس سے کم عمر افراد میں اچھے کولیسٹرول کی بڑھی ہوئی شرح کا ان پر کوئی منفی اثر نہیں پڑا۔

عام طور پر برے کولیسٹرول کو متعدد امراض کا سبب سمجھا جاتا ہے، تاہم اب ماہرین نے اچھے کولیسٹرول کو آنکھوں کی بیماری ’گلوکوما‘ سے جوڑا ہے۔

اس سے قبل ایک تحقیق میں ماہرین نے اچھے کولیسٹرول کے مسلسل بڑھے رہنے کو ’ڈیمینشیا‘ کا سبب بھی قرار دیا تھا۔

’گلوکوما‘ آنکھوں کی سنگین بیماری ہے، جس میں آپٹک نرو کے متاثر ہونے سے بینائی متاثر ہونے یا مکمل اندھے پن کا خطرہ ہوجاتا ہے، یہ بیماری لاعلاج ہے۔

عام طور پر گلوکوما (Glaucoma) کو کالا موتیا یا کالا پانی بھی کہا جاتا ہے۔

کالا پانی یا کالا موتیا کے مریضوں کا آنکھوں کا انٹراوکولر پریشر (آنکھ کے اندر کا پریشر) بڑھ جاتا ہے، جسے آپٹک نرو یعنی آنکھ سے دماغ تک روشنی اور پیغام پہنچانے والی نالی متاثر ہوتی ہے۔

کیٹاگری میں : صحت

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں